ویب ڈیسک: اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان انتقال کر گئے۔
88سالہ پرنس کریم آغا خان کا انتقال پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں ہوا، پرنس کریم آغا خان اسماعیلی کمیونٹی کے49ویں امام تھے، انکی نماز جنازہ اور تدفین بھی لزبن میں ہی کی جائے گی۔
روایات کے تحت ان کے جانشین یعنی اسماعیلی کمیونٹی کے50ویں حاضر امام کو نامزد کر دیا گیا ہے، جانشین کی نامزدگی پرنس کریم آغا خان نے اپنی وصیت میں کی تھی، پرنس کریم آغا خان اپنے فلاحی کاموں اور انسانیت کی خدمت کیلئے جانے جاتے تھے۔
اسماعیلی عقیدے کا کہنا ہے کہ کبھی ایسا نہیں ہوا کہ جماعت امام کے بغیر ہوئی ہو، جیسے ہی امام دنیا سے رخصت ہوتے ہیں ان کی روحانی روشنی ان کے نامزد جانشین کو منتقل ہو جاتی ہے اور یہ سلسلہ 1400 برس سے قائم ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پرنس کریم آغا خان کی رحلت پر اظہارِ افسوس کیا ہے،وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان میں کہا کہ پرنس آغا کریم خان کی رحلت پر اظہار افسوس کرتا ہوں،وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پرنس کریم آغا خان دور اندیش، سخی اور فیاض شخصیت تھے، پرنس کریم آغا خان کی میراث نوجوانوں کے لئے مشعل راہ رہے گی۔