شمالی علاقوں میں برفباری،سیاحوں کیلئے نئی ایڈوائزری جاری کردی گئی

Feb 05, 2024 | 11:15 AM

JAWAD MALIK

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو خبردار کیا ہے کہ ملک کے شمالی حصوں میں معروف تفریحی مقامات پر مزید برف باری ہوسکتی ہے۔ پاکستان ڈزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی نے بھی سیاحوں کو برف باری والے تفریحی مقامات کی سیر کے حوالے سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق 30 جنوری کو جاری کی گئی ایک ایڈوائزری میں بتایا گیا تھا کہ گلگت بلتستان، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بلند علاقوں میں 4 فروری تک معتدل تا غیر معمولی برف باری ہوسکتی ہے۔

4 فروری کو جاری کی جانے والی ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ اگلے ہفتے تک برف باری جاری رہ سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے برف باری کے بارے میں اتوار کو جاری کی جانے والی اپ ڈیٹ میں بتایا کہ کالام میں 7 انچ برف گئی ہے جبکہ مالم جبہ اور مری میں 4 انچ برف گری ہے۔

 ایڈوائزری کے مطابق گلگت بلتستان میں دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، غانشے اور شگار جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں وادی نیلم، مظفر آباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سُدھانوٹی، کوٹلی، بھمبر اور میر پور میں برف باری ہوسکتی ہے۔

خیبر پختونخوا میں چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، کوہستان، شانگلہ، مری اور گلیات میں برف باری متوقع ہے۔

کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے مانسہرہ ناران جالکھڈ روڈ کاغان سے بند کرکے سیاحوں کا داخلہ روک دیا ہے۔

پنجاب میں ڈزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی نے موسمِ سرما کے دوران سیاحت کا ارادہ رکھنے والوں کے لیے خصوصی ایڈوائزری جاری کی ہے۔

خصوصی ایڈوائزری میں سیاحوں سے کہا گیا ہے کہ سفر سے قبل موسم کی اپ ڈیٹ لیں، اپنی گاڑی کو اچھی طرح چیک کرلیں، فیول ٹینک بھرا ہوا رکھیں، پرانے ٹائر والی گاڑی میں سفر نہ کریں اور ٹائروں میں ہوا کم رکھیں،

یہہدایت بھی کی گئی ہے کہ برف باری والے علاقوں میں گاڑی کو پھسلنے سے بچانے کے لیے ٹائروں میں رنجیریں لگائی جائیں، ٹریفک جام کی صورت میں بھی انجن بند نہ کی اجائے اور دھویں کا اخراج یقینی بنایا جائے۔

پی ڈی ایم اے کا مشورہ ہے کہ کھڑکیاں بند ہونے کی صورت میں کار کا ہیٹر طویل دورانیے کے لیے آن نہ رکھا جائے، اشیائے خور و نوش (بشمول ڈرائی فروٹ) وافر مقدار میں لے کر سفر کیا جائے اور گرم کپڑے زیادہ تعداد میں ساتھ رکھیں۔

سیاحوں کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی حالت میں پی ڈی ایم اے سے 1199 پر یا پھر موٹر وے اتھارٹی سے 130 پر رابطہ کیا جائے۔

مزیدخبریں