ویب ڈیسک:نمیبیا کے صدر ہیج گینگوب 82 سال کی عمر میں انتقال کرگئے، 3ہفتےقبل ان میں کینسرکی تشخیص ہوئی تھی۔
غیرملکی میڈیاکےمطابق نمیبیا کے قائم مقام صدر ننگولو ایمبومبا نے بتایا کہ کینسر سے نبرد آزما صدر ہیج گینگوب ہسپتال میں انتقال کرگئے۔
صدرکوبڑی آنت کاکینسرتھااورانتقال کےوقت ان کی اہلیہ اوربچےبھی ہسپتال میں موجودتھے،6ہفتےقبل ہی علاج کےباعث قائم مقام صدرکی تعیناتی کی گئی تھی۔
اُس وقت یہ بھی کہا گیا تھا کہ صدر ہیج گینگوب علاج معالجے کے لیے امریکا جائیں گے اور2 فروری کو نمیبیا واپس آئیں گے۔
ہیج گینگوب نے 12 سال وزیر اعظم کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں اور 9 سال سے ملک کے صدر تھے۔ ان کی صحت کے مسائل کا آغاز نمیبیا کے صدر بننے کے بعد سے ہوا تھا۔
2013 میں ان کے دماغ کی سرجری ہوئی اور اگلے ہی برس وہ پروسٹیٹ کینسر سے زندگی کی جنگ جیت گئے تھے جب کہ گزشتہ برس جنوبی افریقا میں ان کی شہ رگ کی سرجری بھی ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ نمیبیا جو ایک سابق جرمن کالونی تھی نے1990 میں جنوبی افریقا سے آزادی حاصل کی تھی اور رواں برس نومبر میں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات منعقد ہونے والے ہیں۔
صدر ہیج گینگوب ملکی آئین کے مطابق تیسری مدت کے لیے صدارتی الیکشن کے لیے نااہل تھے اس لیے حکمراں جماعت کی امیدوار نندی نداتواہ ہوں گی جو کامیابی کی صورت میں ملک کی پہلی خاتون سربراہ مملکت ہوں گی۔