صدر،وزیراعظم ،سیاسی وسماجی رہنماؤں کامشرف کےانتقال پراظہارافسوس

صدر،وزیراعظم ،سیاسی وسماجی رہنماؤں کامشرف کےانتقال پراظہارافسوس
کیپشن: صدر،وزیراعظم ،سیاسی وسماجی رہنماؤں کامشرف کےانتقال پراظہارافسوس

ایک نیوز:صدرِ مملکت عارف علوی،وزیر اعظم شہباز شریف،سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی اوردیگرسیاسی وسماجی رہنماؤں نےسابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی وفات پر تعزیت کااظہارکیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عارف علوی نے پرویز مشرف کے لیے دعائے مغفرت کی اور ورثا کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

وزیراعظم شہبازشریف:

اس کے علاوہ وزیر اعظم شہبازشریف نے پرویز مشرف کی وفات پر اظہارِ تعزیت کیا اور ایک بیان میں کہا کہ مرحوم کے اہلخانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی:

ٹوئٹر پر جاری بیان میں چودھری پرویز الہٰی نےکہا کہ  سابق صدر و آرمی چیف جنرل پرویز مشرف کے انتقال پر گہرا دکھ اور رنج و غم ہے۔ 

انھوں نے لکھا کہ بیگم صہبا مشرف، بیٹے بلال مشرف اور بیٹی عائلہ مشرف کے غم میں برابر کے شریک ہیں، پاکستان آرمی اور ملک کیلئے ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

 چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی:

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی پرویز مشرف کے انتقال پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دکھ کی گھڑی میں لواحقین کے ساتھ ان کے غم میں برابرکے شریک ہیں۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت اور درجات بلند کرے اور غمزدہ خاندان کو صبرجمیل عطا کرے۔

 پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری: 

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ پرویز مشرف انتقال کر گئے، وہ بہت بڑے انسان تھے۔فواد چودھری نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ پرویز مشرف کے دوست چھوٹے ثابت ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیشہ پاکستان فرسٹ سابق صدر پرویز مشرف کی سوچ اور نظریہ تھا، خدا غریق رحمت کرے۔

 واضح رہےکہ سابق صدر جنرل (ر) پرویزمشرف انتقال کرگئے ہیں، سفارتی ذرائع  سمیت  اہل خانہ نے بھی سابق صدر جنرل (ر) پرویزمشرف کے انتقال کی تصدیق کردی ہے۔پرویز مشرف طویل عرصے سے امریکن اسپتال دبئی میں زیرعلاج تھے۔

لیگی قائد نواز شریف:

قائد  مسلم لیگ  ن نوازشریف نےسابق صدر جنرل (ر) پرویزمشرف  کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں نواز شریف نے  پرویز مشرف کے انتقال پر   انا للہ و انا الیہ راجعون لکھا ۔