ایک نیوز: صدر مملکت عارف علوی ،وزیراعظم شہبازشریف،وزرائے اعلیٰ اور دیگرسیاسی رہنماؤں نے کشمیریوں کےنام اہم پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ 75 سال سے بھارت نے کشمیر پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے۔بھارت پاکستان، اقوام متحدہ اور کشمیری عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اقدامات کے بعد بدترین رخ اختیار کرچکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے غیر قانونی اور یک طرفہ اقدامات کو پاکستان اور کشمیریوں نے یکسر مسترد کردیا۔مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پاکستان اور دنیا کے لیے شدید تشویش کا باعث ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی اقدامات عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، بھارتی وحشیانہ اقدامات کو عالمی فورمز پر اجاگر کرتے رہیں گے۔بھارت پاکستان، اقوام متحدہ اور کشمیری عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف:
صدر مملکت ڈاکٹر عارف نےاپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیری عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خود ارادیت کے حصول کیلئے ان کی جائز اور منصفانہ جدوجہد کیلئے پاکستان اُن کی غیر متزلزل حمایت کرتا ہے، ہم بھارتی قبضے کے خلاف کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی دہائیوں پرانی مزاحمت میں بے لوث قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہم یہ دن عالمی برادری کی توجہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی طرف مبذول کرانے کے لیے مناتے ہیں، جموں و کشمیر کے تنازعے کا حتمی فیصلہ عوام کی مرضی کے مطابق اقوامِ متحدہ کے زیر اہتمام آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصوابِ رائے کے جمہوری طریقے سے کیا جائے گا۔
یوم یکجہتی کشمیر پر وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری:
وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کشمیری عوام کی غیرمتزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب تک کشمیری بھارتی مظالم کا شکار ہیں پاکستان چین سے نہیں بیٹھے گا۔اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیریوں کو ان کی اپنی زمین پر اقلیت میں بدلنے کی کوشش کر رہا ہے، بھارت کومقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرنا ہونگی۔
یوم یکجہتی کشمیر پر لیگی سینئر نائب صدر مریم نواز:
یومِ یکجہتیٔ کشمیر پر اپنے بیان میں مریم نوازنے کہا کہ بھارت ظلم کی ہر حد پار کر چکا ہے لیکن آزادی کی آواز ہر لمحہ بلند ہو رہی ہے، کشمیریوں کی لازوال جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔کشمیری اقوام متحدہ کے منشور پر عمل درآمد کی جنگ لڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی اس سے بڑی اور کیا ہار ہوگی کہ ہر ظلم کے باوجود وہ ناکام ہے۔خواتین، نوجوان اور بچوں سمیت کشمیریوں کی آزادی کے لیے عظیم قربانیاں بے مثال ہیں۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند اور کشمیریوں کو آزادی کی نعمت عطا فرمائے۔
یوم یکجہتی کشمیر پرمریم اورنگزیب:
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ اپنی مکمل وابستگی اور حمایت کا عزم کرتا ہے۔بھارتی ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیریوں کا عزمِ آزادی متزلزل نہیں ہوا، دنیا کشمیریوں سے کیا گیا استصوابِ رائے کا وعدہ پورا کرے۔
یوم یکجہتی کشمیر پرسراج الحق:
یومِ یکجہتیٔ کشمیر پر امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے، کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دیا جائے۔امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ ہم کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ ہیں۔
یوم یکجہتی کشمیر پر وزیرِ اعلیٰ بلوچستان:
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے یومِ یکجہتیٔ کشمیر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری حق خودارادیت کی جنگ لڑ رہے ہیں، کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل نکالا جائے۔عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہائیوں بعد کرکٹ کی واپسی ہو رہی ہے، آج کا کر کٹ میچ اپنے بہادر کشمیری بھائیوں کے نام کرتے ہیں۔
یوم یکجہتی کشمیر پرناصر حسین شاہ:
وزیرِ بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں انتشار پھیلانے کے لیے دشمن ملک سرگرم ہیں۔ملک دشمن ایجنڈے پاکستان کو آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتے۔ناصر حسین شاہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ سب پاکستانی آج کشمیر کی بات کریں، ہماری فورسز دہشت گردی کا منہ توڑجواب دے رہی ہیں۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ KPK کا کشمیریوں کی حمایت کا اعادہ:
نگراں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم نے یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی، سفارتی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کرتے ہیں۔ان کا مزید کہنا ہے کہ کشمیری عوام 7 دہائیوں سے جدوجہد کر رہے ہیں، ریاستی جبر و تشدد سے آزادی کی جدوجہد کو دبایا نہیں جا سکتا، کشمیری عوام نے بنیادی حق کے حصول کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔
محمد اعظم خان نے یہ بھی کہا ہے کہ خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل سے وابستہ ہے، اقوامِ متحدہ مسئلہ کشمیر کو اپنی قرار دادوں کے مطابق حل کرانے میں کردار ادا کرے، آزادی کے حصول تک اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔