روس اور یوکرین میں جنگی قیدیوں کا تبادلہ،میتیں بھی لوٹا دی گئیں

Feb 05, 2023 | 09:28 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: روس اور یوکرین نے ہفتے کے روز اعلانیہ 200 جنگی قیدیوں کا تبادلہ کرلیا جبکہ روس کی جانب سے دو برطانوی رضاکاروں کی میتیں بھی یوکرین کے حوالے کر دی گئیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرینی صدر کے چیف آف اسٹاف اینڈری یرمک کا کہنا ہے کہ 116 یوکرینی قیدی ملک واپس آگئے ہیں۔

دوسری جانب روسی نیوز ایجنسی نے وزارت دفاع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ روس کے 63 جنگی قیدیوں کو یوکرینی قید سے رہا کر دیا گیا ہے۔

یوکرینی عہدیدار اینڈری یرمک نے اپنے ٹیلیگرام پر لکھا کہ ہم ماریوپول، خرسون اور بخمت کے محاذ پر ملک کے دفاع کیلئے لڑنے والے اپنے 116 ہیروز کو روسی قید سے واپس لانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

اینڈری یرمک کا کہنا تھا کہ جنگ کے دوران مشرقی یوکرین میں شہریوں کے انخلا کے کاموں کے دوران ہلاک ہونے والے دو برطانوی رضاکاروں کی میتیں بھی یوکرین روانہ کر دی گئی ہیں۔

غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی ثالثی میں یوکرین کی قید سے حساس کیٹیگری کے اہلکاروں سمیت 63 روسی فوجیوں کو آزاد کروالیا گیا ہے۔

مزیدخبریں