ہمارے لوگ صرف اپنی کامیابی کا سوچتے ہیں، علی ظفر کا پاکستانی شوبز انڈسٹری پر تبصرہ 

Dec 05, 2024 | 18:54 PM

ویب ڈیسک: مشہور گلوکار، اداکار اور پروڈیوسر علی ظفر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی شوبز انڈسٹری میں یکجہتی نہیں ہے اور ہر کوئی صرف اپنی کامیابی کے بارے میں سوچتا ہے۔

حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں علی ظفر نے پاکستانی میڈیا انڈسٹری اور بالی ووڈ انڈسٹری کے لوگوں اور ان کے رویوں پر تبصرہ کیا۔

علی ظفر نے بالی ووڈ کی پیشہ ورانہ سوچ اور اجتماعی نقطہ نظر کی تعریف کی اور اسے پاکستانی انڈسٹری کے لیے ایک نمونہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں بالی ووڈ سے ان کا اجتماعی سوچ کا نظام سیکھنا چاہیے۔ یہاں ہر شخص اپنی ذاتی سوچ کے تحت کام کر رہا ہے، جو کہ انڈسٹری کی ترقی میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔ کامیاب انڈسٹریز ہمیشہ اپنی غلطیوں سے سیکھتی ہیں اور ٹیم ورک کے ذریعے آگے بڑھتی ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری نہ صرف بھارت بلکہ ایران، چین اور اٹلی سمیت کسی بھی ملک سے سیکھ سکتی ہے لیکن ہمارے ہاں سیکھنے کا کوئی رجحان نہیں نہ ہی کوئی اپنی غلطی کو تسلیم کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی انڈسٹری میں ہر کوئی صرف اپنی کامیابی کے بارے میں سوچتا ہے، اور بعض اوقات دوسرے کو نیچا دکھانے کی کوشش بھی کرتا ہے۔

علی ظفر نے پاکستانی معاشرتی رویے کو تبدیل کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’ہمارے ہاں عام ذہنیت بہت رجعت پسند ہے، اور میں چاہتا ہوں کہ یہ سوچ بدلے۔‘

علی ظفر نے اس دوران اپنی ماضی کی مشہور فلم طیفا ان تربل کا سیکوئل بنانے کا بھی عندیہ دیا ان کا کہنا تھا کہ ان کی فلم ایک فرنچائز کی صورت اختیار کرے گی تاہم اس میں ابھی وقت ہے اور وہ فوری اس پر کام نہیں کریں گے۔

غصے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ انہیں منافقت بالکل پسند نہیں، لیکن انہوں نے خود کو قابو میں رکھنا سیکھ لیا ہے اور اب وہ آسانی سے غصہ نہیں کرتے بلکہ خود پر کنٹرول حاصل کر چکے ہیں۔

مزیدخبریں