ویب ڈیسک: کراچی میں سٹریٹ کرائم سے نمٹنے کےلیے اہم فیصلہ کرلیا گیاجس کیلئے رینجرز اور پولیس کی مدد طلب کی گئی ہے۔
تفصیلات کےمطابق بین الصوبائی چیکنگ پوائنٹس پر مشترکہ سنیپ چیکنگ ہوگی، پانی کی چوری اور دیگر جرائم روکنے کے لیے بھی مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔
ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل اظہر وقاص کی زیر صدارت سکیورٹی سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس میں کراچی میں سٹریٹ کرائمز، پانی چوری ، اینٹی سمگلنگ آپریشن اور تارکین وطن کے انخلاء پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں جرائم کی روک تھام سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق اجلاس میں کراچی پولیس چیف، زونل ڈی آئی جیز، و اسپیشل برانچ کے علاوہ حساس اداروں کے افسران بھی شریک ہوئے ۔اجلاس میں رینجرز اور پولیس کی جانب سے مشترکہ طور پر سٹریٹ کرائم کے چیلنج سے نمٹنے کا فیصلہ کیا گیا ۔
ترجمان رینجرز کے مطابق پانی کی چوری اور دیگر جرائم کی روک تھام کے لیے مشترکہ اقدامات اٹھانے کے فیصلے کے ساتھ غیر قانونی اسلحے کی نمائش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔