اکبرایس بابر نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن چیلنج کردیا 

Dec 05, 2023 | 15:25 PM

ایک نیوز: بانی راہنما پی ٹی آئی اکبر شیر بابر نے الیکشن کمیشن میں باضابطہ درخواست دائر کردی۔ 

تفصیلات کے مطابق درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن نئے انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا حکم دے، الیکشن کمیشن غیرجانبدار تیسرا فریق مقرر کرے جو پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کی نگرانی کرے، شفاف انٹرا پارٹی الیکشن کرانے تک انتخابی نشان’ بلا‘استعمال کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔ 

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی الیکشن محض دکھاوا، فریب اور الیکشن کمیشن کو دھوکہ دینے کی ناکام کوشش تھی۔ فراڈ انتخابی عمل نے پی ٹی آئی ارکان کو ووٹ دینے اور انتخاب میں حصہ لینے کے حق سے محروم کردیا۔ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات الیکشن ایکٹ 217 کے سیکشن 208 اور ذیلی شق 2 کی خلاف ورزی ہے۔ 

اکبر بابر نے درخواست کے ہمراہ ویڈیو فوٹیج اور دیگر شواہد بھی الیکشن کمیشن میں جمع کرادیے۔ چیف الیکشن کمشنر کے نام تین صفحات پر مشتمل درخواست میں الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 208کا حوالہ دیا گیا ہے۔ 

درخواست میں کہا گیا ہے کہ 30 نومبر2023 کو پی ٹی آئی کور کمیٹی کے پریس ریلیز 2 دسمبر کو انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا اعلان کیا گیا۔ نیاز اللہ نیازی کو چیف الیکشن کمشنر مقرر کیاگیا، وفاقی سطح پر کمیشن کے کسی اور عہدیدار کا نام نہیں بتایاگیا، الیکشن قواعد وضوابط، شیڈول، کاغذات نامزدگی کاوقت اور طریقہ کار کا نہیں بتایاگیا۔

مزید یہ کہ کاغذات کی وصولی اور مسترد کرنے کی تاریخ ، اپیلوں کی سماعت کے بارے میں کچھ نہیں بتایاگیا، 2 دسمبر تک انتخابات کے بارے میں کسی قسم کی معلومات پی ٹی آئی ویب سائٹ پر دستیاب نہیں تھیں، یکم دسمبر2023 کو چار بجکر پینتالیس منٹ پر پی ٹی آئی ارکان کے وفد کے ہمراہ مرکزی سیکریٹریٹ گیا، پی ٹی آئی نمائندے نے مطلوبہ معلومات فراہم کرنے سے معذوری ظاہر کی، یہ واقعہ قومی ٹی وی چینلز پر دکھاگیا،۔ 

درخواست میں کہا گیا کہ اسی روز الیکٹرانک میڈیا پر پی ٹی آئی عہدیداروں کے بلامقابلہ انتخاب کی خبریں نشر ہوئیں، اکبربابر نے پی ٹی آئی کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والی خبر بھی درخواست کے ساتھ منسلک کی ہے۔

الیکشن ایکٹ متقاضی ہے کہ ہر سطح پر عہدیداروں کا پارٹی آئین کے مطابق پانچ سال کے لئے انتخاب ہو۔ قانون کے مطابق سیاسی جماعت کے ہر رکن کو یکساں انداز میں کسی بھی عہدے پر انتخاب لڑنے کی اجازت ہوگی، قانون کے مطابق تمام سیاسی جماعتوں کا الیکٹورل کالج ہوگا۔ انتخابی کالج وفاقی، صوبائی اور مقامی سطح پر پارٹی کی جنرل کونسل پر مشتمل ہوگا، قانون کے مطابق سیاسی جماعت مرکزی عہدیداروں اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان کی تازہ ترین فہرست جاری کرنے کی پابند ہے، اس میں کسی تبدیلی کے بارے میں الیکشن کمیشن کو آگاہ کیاجائے گا۔

اکبرایس بابر نے درخواست میں کہا کہ اب بھی پی ٹی آئی رکن ہوں، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور اسلام آباد ہائی کورٹ فیصلہ دے چکے ہیں، حقیقی جمہوری جماعت بنانے اورنظریاتی رکن کے طورپرپی ٹی آئی کو اپنی زندگی کے بہترین سال ہا سال دے چکا ہوں، انصاف کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے رجوع کرنے کے سوا کوئی اور چارہ نہیں، سیاسی جماعتیں مستقبل کی سیاسی قیادت کی نرسریاں ہوتی ہیں۔ الیکشن ایکٹ2017 اور انتخابی قواعد قانونی فریم ورک کا تقاضا ہے کہ جمہوری انتخابی عمل سے سیاسی جماعتوں میں قیادت منتخب ہو، سیاسی جماعتوں میں جعلی انٹراپارٹی الیکشن کے عمل کو ختم کیا جائے، تمام بڑی سیاسی جماعتوں کو انتخابی قوانین اور ضابطوں کا پابند بنایاجائے، معاشرے اور ملک کو درپیش مسائل سے نکلنے کا یہی ایک واحد طریقہ ہے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے 23 نومبر2023 کو20 دن میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا۔

مزیدخبریں