انتخابات 2024 کے لئے الیکشن کمیشن کو مزید 17 ارب 40 کروڑ جاری

ecp
کیپشن: ecp
سورس: google

پی ا ین این : نگراں وفاقی وزارت خزانہ نے عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو مزید 17 ارب 40 کروڑ روپے جاری کر دیے ہیں۔

نگراں وفاقی وزارت خزانہ نے اپنے اعلامیے میں بتایا ہے کہ الیکشن کمیشن کو مزید 17 ارب 40 کروڑروپے جاری کردیے گئے ہیں۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ وزارت خزانہ نے اس سے قبل الیکشن کمیشن کو  10 ارب روپے جاری کیے تھے، اب  تک مجموعی طور پر الیکشن کمیشن کو 27 ارب 40 کروڑ جاری کیے جاچکے ہیں۔

واضح رہے کہ بجٹ میں عام انتخابات کے لیے 42 ارب روپے مختص کیے گئے تھے، الیکشن کمیشن نے فنڈز جاری نہ کرنے پر گزشتہ روز سیکرٹری خزانہ کو طلب کیا تھا۔ وزارت خزانہ نے الیکشن کمیشن کو یقین دہانی کرائی تھی کہ عام انتخابات کے لیے بروقت رقم کی ادائیگی کی جائے گی۔

 دوسری جانب الیکشن کمیشن نے انتخابات کے موقع پر امن و امان یقینی بنانے کے لیے 2 لاکھ 77 ہزار پولیس اہلکاروں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے پولنگ اسٹیشنز کے باہر فوج اور سول آرمڈ فورسز کو تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 220 کے تحت پاکستان آرمی اور سول آرمڈ فورسز کی خدمات پولنگ اسٹیشنز پر طلب کرنا ہوں گی تاکہ شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جا سکے، یہ ملک میں امن و امان کی نازک صورت حال کے تناظر میں انتہائی اہم ہے۔

 لیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ سے 7 دسمبر سے قبل اس خط کا جواب مانگا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے پاکستان آرمی اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔

خط میں الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ پنجاب میں ایک لاکھ 69 ہزار 110، سندھ میں 18 ہزار 500، خیبرپختونخوا میں 56 ہزار 717، بلوچستان میں 13 ہزار 769 اور اسلام آباد میں 4 ہزار 500 اہلکاروں کی کمی ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے 8 فروری کو ملک بھر میں انتخابات کروانے کا حکم دے رکھا ہے۔