نگران وزیراعلیٰ کی میواسپتال آمد، اپ گریڈیشن کے کاموں پر پیشرفت کا جائزہ

Dec 05, 2023 | 13:30 PM

ایک نیوز: وزیراعلی پنجاب محسن نقوی میوہسپتال پہنچ گئے۔ جہاں انہوں نے چلڈرن ایمرجنسی اور مین ایمرجنسی بلاک کا دورہ کیا اور اپ گریڈیشن کے کاموں پر پیشرفت کاجائزہ لیا۔ 

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چلڈرن ایمرجنسی میں موجود خواتین سے بچوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ چلڈرن ایمرجنسی کے فلورز پر مزدور غائب تھے اور کوئی کام نہیں ہورہا تھا۔

محسن نقوی نے ہدایت کی کہ چلڈرن ایمرجنسی کے فلورز کی اپ گریڈیشن کا کام 3شفٹ میں کیاجائے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی چلڈرن ایمرجنسی کے فلورز کی اپ گریڈیشن کے کام کو تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔ 

وزیراعلی محسن نقوی میو ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک کے چاروں فلورز پر گئے اور تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے ایمرجنسی بلاک میں جاری کاموں پر اطمینان کااظہار کیا۔ انہوں نے ایمرجنسی بلاک کو رواں ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی اس کے علاوہ دیواروں پر سیم کے مستقل اور پائیدار حل کی ہدایت بھی کی۔ 

وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایمرجنسی بلاک میں فرشوں پر ٹائلز لگانے اور وائرنگ کاکام تیز ی سے جاری ہے۔ ائیرکنڈیشن سسٹم کی تنصیب بھی شروع کردی گئی ہے۔ انشاء اللہ اپ گریڈیشن کا کام رواں ماہ مکمل کرلیاجائے گا۔ 

سیکرٹری تعمیرات ومواصلات نے ایمرجنسی بلاک کے اپ گریڈیشن پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔

سروسز اسپتال کی اپگریڈیشن پراجیکٹ، کالج آف نرسنگ کا دورہ:

وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سروسز ہسپتال کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ اورکالج آف نرسنگ کا دورہ کیا۔ جہاں پر کالج آف نرسنگ کی انتہائی بری حالت، کمروں میں گنجائش سے زیادہ چار پائیاں، ناکافی رہائشی سہولتیں، دیواریں سیم زدہ، پینٹ خراب اور صفائی کی ابتر صورتحال تھی۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے خراب صورتحال کا فوری نوٹس لیا تو 43 برس بعد کالج آف نرسنگ کی سنی گئی اور کالج آف نرسنگ کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ 

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نرسنگ ہاسٹل کے کمروں کا معائنہ کیا،زیر تعلیم نرسنگ طالبات سے مسائل پوچھے،طالبات نے رہائش کی ناکافی سہولتوں کے بارے میں شکایات کیں۔ 

محسن نقوی نے کہا کہ 9 کروڑ روپے کی لاگت سے کالج آف نرسنگ کی تعمیر وبحالی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سروسز ہسپتال میں جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈاکٹرز کیفے ٹیریا کو اپ گریڈیشن پروگرام میں شامل نہ کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ 

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈاکٹرز کیفے ٹیریا کو مناسب جگہ پر منتقل کرکے اپ گریڈ کرنے کا حکم دیا۔ ہسپتال کے عقب میں واقع غیر ضروری تعمیراتی سٹرکچر کوختم کرنے کا حکم دیا گیا۔ 

انہوں نے کہا کہ ایم ایس کے علاوہ تمام انتظامی دفاتر بیسمنٹ میں منتقل کیے جائیں۔ مریضوں کی سہولت کیلئے لیب کو ہسپتال کے اندرمناسب جگہ پرمنتقل کیا جائے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے سروسز ہسپتال کی مین بلڈنگ کی اپ گریڈیشن کے کام کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ایمرجنسی اپ گریڈیشن پراجیکٹ کومقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ سروسز ہسپتال کا کالج آف نرسنگ 1980میں تعمیر ہوا۔

مزیدخبریں