پارلیمانی بورڈ میں ٹکٹوں کی تقسیم: نوازشریف کا امیدواروں کے درمیان تلخ کلامی کا نوٹس

Dec 05, 2023 | 11:47 AM

ایک نیوز: پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی پارلیمانی بورڈ میں ٹکٹوں کی تقسیم کا معاملہ گھمبیر صورت اختیار کرگیا ہے، جس کی وجہ سے میں محمد نواز شریف نے اس کا نوٹس لے لیا ہے اور امیدواروں کے درمیان لہجے کی تلخی کم کرنے کی تلقین کرتے ہوئے پارلیمانی بورڈ اجلاس کے رولز آف بزنس طے کردیے ہیں۔

لیگی ذرائع کے مطابق دوران انٹرویو امیدواروں کو ایک دوسرے پر الزامات لگانے سے منع کردیا گیا ہے۔ نوازشریف نے ہدایت کی ہے کہ امیدوار صرف اپنی کارکردگی اور ویژن پیش کریں گے۔ کسی دوسرے امیدوار بارے کوئی بات نہیں ہوگی۔

بتایا گیا ہے کہ سرگودھا اور راولپنڈی کے امیدواروں کے انٹرویو کے دوران بدمزگی کے بعض واقعات پیش آئے تھے۔ جس پر نوازشریف نے وارننگ جاری کی ہے کہ امیدواروں نے رولز آف بزنس توڑے تو ایسا کرنے والے کو بورڈ اجلاس سے نکال دیا جائے گا۔ پارٹی ڈسپلن اور ضوابط کار پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں ہوگا۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس آج بھی جاری ہے۔ جس کی صدارت پارٹی قائد محمد نوازشریف اور صدر شہبازشریف کر رہے ہیں۔ اجلاس میں سینئیر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف، الیکشن سیل کے سربراہ سینیٹر اسحاق ڈار بھی شریک ہیں۔

اس کے علاوہ پارٹی سیکریٹری جنرل احسن اقبال اور پارٹی کے مرکزی و صوبائی عہدیدار شریک ہیں۔ متعلقہ ڈویژن کے کوآرڈینیٹرز بھی اجلاس میں موجود ہیں۔ اجلاس آج خیبرپختونخوا کے ہزارہ اور مالاکنڈ میں پارٹی کے لئے موزوں امیدواروں کا انتخاب کرے گا۔

آج خیبرپختونخوا کے 10 قومی اسمبلی کے امیدواروں کے انٹرویوز کیے جا رہے ہیں۔ کے پی کے ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن کے 48 صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے امیدواروں کے انٹرویو کیے جا رہے ہیں۔

آج پارلیمانی بورڈ میں مجموعی طور پر 96 امیدواروں کے انٹرویو کیے جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں