ویب ڈیسک: پشاور میں ورسک روڈ پر نجی بینک اور اسکول کے قریب دھماکا ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکے میں 3 بچوں سمیت ایک شخص زخمی ہو گیا۔
ایل آر ایچ کے ترجمان نے بتایا کہ ورسک روڈ دھماکے کے 4 زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال لایا گیا، جن میں 3 بچے اور ایک شخص شامل ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ زخمی بچوں کی عمر 7 سے 10 سال کے درمیان ہیں، 2 زخمی بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا بارودی مواد پھٹنے سے ہوا ہے۔
ایس پی ورسک ارشد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھماکا صبح 9 بج کر 10 منٹ پر ہوا، دھماکے میں 4 کلو گرام بارود استعمال کیا گیا۔
ایس پی ارشد خان کا کہنا ہے کہ کون ٹارگٹ تھا یہ کہنا قبل از وقت ہو گا، دھماکے میں 3 بچے زخمی ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بارودی مواد سڑک کنارے سیمنٹ بلاک میں چھپایا گیا تھا، ارد گرد کے علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، دھماکے میں بھتے کے عنصر کو بھی دیکھا جا رہا ہے۔