عمران خان کو پارٹی چیئرمین سے ہٹانے کے کیس کا فیصلہ محفوظ

عمران خان کو پارٹی چیئرمین سے ہٹانے کے کیس کا فیصلہ محفوظ
کیپشن: The decision on the case of removing Imran Khan as party chairman is reserved

ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلیت سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ 

سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو پارٹی عہدے سے ہٹانے سے متعلق کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے کی۔

سابق چئیرمین پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ 

وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ ہم نے انٹرا پارٹی انتخابات کا ریکارڈ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیا ہے، اب اس کیس کو ختم ہو جانا چاہیے، قانونی طور پر یہ معاملہ ختم ہو گیا، کیونکہ پارٹی کا نیا چیئرمین آگیا ہے۔

شعیب شاہین نے کہا کہ اگر آپ اس کیس کو چلانا چاہتے ہیں تو اکبر ایس بابر پٹیشن دائر کر رہے ہیں اس کے ساتھ چلا لیں۔

چیف الیکشن کمیشنر نے کہا کہ آپ خالد محمود کو موقع دے رہے ہیں وہ نئے چیئرمین کے خلاف بھی پٹیشن دائر کرے۔

درخواست گزار خالد محمود نے کہا کہ آپ آرڈر میں لکھ دیں کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی سزا یافتہ ہیں، پارٹی کا کوئی عہدہ رکھ نہیں سکتے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے الیکشن لڑا ہی نہیں اس میں ہم کچھ نہیں کہہ سکتے۔

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی چیئرمین انتخاب سے متعلق ریکارڈ مانگ لیا۔