ویب ڈیسک :قومی کمیشن برائے انسانی حقوق نے ملک میں خواتین کے دارالامان پر رپورٹ جاری کردی رپورٹ میں دارالامان کی صورتحال غیرتسلی بخش قرار دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق تمام صوبوں میں دارالامان کا ماحول تسلی بخش نہیں پایا گیا، دارالامان میں مقیم 70 فیصد خواتین 14 سے 30 سال کی عمر کی ہیں، زیادہ تر خواتین ناخواندہ ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 92 فیصد خواتین کی شادی 20 سال کی عمر سے پہلے ہی ہو چکی تھی، ان خواتین کو مختلف قسم کے تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔
ملک میں اکثر دارالامان میں علیحدہ مشاورتی کمرے یا لائبریریاں نہیں، اکثر دارالامان میں انٹرنیٹ کی سہولیات اور ماہر نفسیات دستیاب نہیں، دارالامان میں شکایت سے نمٹنے کا کوئی منظم طریقہ کار یا بحالی پروگرام بھی نہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک کے 4 دارالامان میں میڈیکل آفیسر، ماہر نفسیات، اسسٹنٹ اور کمپیوٹر آپریٹر کی اسامیاں خالی ہیں۔