پی ا ین این نیوز:اگر آپ فٹبال ورلڈکپ دیکھ رہے ہیں تو کیا اس بات پر غور کیا کہ بیشتر ٹیموں کے بہترین کھلاڑی 10 نمبر کی جرسی پہنتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کھیلوں کا حصہ بننے والے کھلاڑیوں کے جرسی نمبر کے برعکس فٹبال میں 10 نمبر کو ایک اعزاز اور احترام جیسی حیثیت حاصل ہے۔تو آخر بہترین کھلاڑی 10 نمبر جرسی کیوں پہنتے ہیں؟ اس کو جاننے سے پہلے آپ کو یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ آخر فٹبال کھلاڑی نمبروں والی جرسی ہی کیوں پہنتے ہیں۔ ایسا مانا جاتا ہے کہ فٹبال مقابلوں میں کھلاڑیوں کی جرسی پر نمبروں کا آغاز 1911 میں آسٹریلیا میں ہوا۔
ایک مقامی میچ کے دوران پہلی بار کسی ٹیم کے کھلاڑیوں کی جرسی کے پیچھے نمبر درج تھے۔بعد ازاں 1923 میں ارجنٹائن میں، 1924 میں امریکا اور 1928 میں انگلینڈ میں ایسا ہوا۔اس وقت نمبروں کا تعین فٹبال گراؤنڈ پر کھلاڑیوں کی پوزیشنز کے مطابق ہوتا تھا، یعنی ہر پوزیشن کے لیے ایک سے 11 نمبر مختص تھے، جن کو دیکھ کر اندازہ ہوتا تھا کہ یہ کھلاڑی کس پوزیشن پر کھیلتا ہے۔مثال کے طور پر نمبر ایک جرسی گول کیپر کی ہوتی تھی، رائٹ فل بیک کے لیے 2، لیفٹ فل بیک کے لیے 3، رائٹ سینٹر بیک کے لیے 4، لیفٹ سینٹر بیک کے لیے 5، ہولڈنگ مڈفیلڈر کے لیے 6، رائٹ ونگر/ مڈ فیلڈر کے لیے 7، سینٹرل مڈفیلڈر کے لیے 8، سینٹر فارورڈ کے لیے 9، اٹیکنگ مڈفیلڈر/ پلے میکر کے لیے 10 اور لیفٹ ونگز/ مڈفیلڈر کے لیے 11 نمبر استعمال ہوتا تھا۔مگر حالیہ برسوں میں نمبر 10 پوزیشن کی بجائے کسی ٹیم کے مخصوص کھلاڑی سے منسلک ہوگیا ہے۔
تو نمبر 10 جرسی خاص کیوں ہے؟نمبروں والی جرسی سے قبل ہی اٹیکنگ مڈفیلڈر (جو اب 10 نمبر کی نمائندگی کرتا ہے) کو کھیل کی بہترین پوزیشن سمجھا جاتا تھا۔عام طور پر اس پوزیشن کا کھلاڑی ٹیم میں سب سے زیادہ بہتر ہوتا ہے، جس کا کھیل دیگر سے بہت زیادہ اچھا ہوتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ فٹبال کی تاریخ کے بیشتر عظیم ترین کھلاڑیوں جیسے پیلے اور میرا ڈونا 10 نمبر جرسی پہنتے تھے۔ان کی وجہ سے ہی نمبر 10 عظمت کی نشانی بن گیا۔نمبر 10 جرسی پہننے والا کھلاڑی ٹیم کے لیے گول کرنے کے مواقع پیدا کرتا ہے یا خود گولز کرتا ہے۔