کورونا ایس او پیز کیخلاف ورزی، میڈیکل طلبہ پر درج مقدمہ خارج

Dec 05, 2022 | 13:08 PM

ایک نیوز نیوز: اسلام آباد ہائی کورٹ نے میڈیکل کے طلبہ کے خلاف کورونا ایس او پیز اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے الزام میں درج  مقدمہ خارج کرنے کا حکم  دے دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کے روبرو کیس کی سماعت ہوئی، جس میں انہوں نے طلبہ کی درخواست پر اخراج مقدمہ کا حکم سنایا۔ عدالت نے 6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں مقدمے کے اخراج کی وجوہات بھی بیان کیں۔

عدالت نے کہا کہ طلبہ پر الزام ہے کہ احتجاج کے دوران حکومت مخالف نعرے بازی اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی گئی تھی جس پر   طلبہ کیخلاف تھانہ کوہسار میں آپریٹر منتظر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔ عدالت نے فیصلے میں مقدمہ اخراج کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ مقدمہ اندراج کے وقت کورونا ایس او پیز اور دفعہ 144 کا نفاذ کرنے والا سرکاری افسر یا اس کا ماتحت موجود نہیں تھا۔ سیکشن 195 ون اے کے تحت سرکاری افسر موجود نہ ہو تو ایف آئی آر درج نہیں کی جاسکتی ہے۔ لہٰذا 6 جولائی 2021ء کو تھانہ کوہسار میں آپریٹر منتظر کی مدعیت میں درج ایف آئی آر خارج کی جائے ۔

مزیدخبریں