لاہور ہائیکورٹ: ایف آئی اے کو اداکارہ صوفیہ مرزا کو ہراساں کرنے سے روک دیا گیا

Dec 05, 2022 | 12:24 PM

ایک نیوز نیوز: توشہ خانہ گھڑی کے خریدارعمر فاروق کی سابق اہلیہ صوفیہ مرزا کو ہراساں کرنے کے معاملے میں نئی پیشرفت سامنے آگئی۔

تفصیلات کے مطابق کیس کی سماعت لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوارالحق پنوں نے کی۔ اداکارہ صوفیہ مرزا کےوکیل چوہدری عدنان کلار نے دلائل دیئے۔ جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمر فاروق کےساتھ بچیوں کی حوالگی کا کیس چل رہا ہے پیروی سے باز نہ آنے پر دھمکایاجا رہا ہے۔ عمر فاروق کےایماء پر پولیس اور ایف آئی اےسابق اہلیہ کےگھر پر چھاپے مار رہی ہے۔

وکیل نے اپنے دلائل میں مؤقف اختیار کیا کہ عمر فاروق محکمہ امیگریشن کی ملی بھگت سےبچیوں کو بیرون ملک لے گیا ہے۔ عدالت نے عمر فاروق کےناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے عدالتی اشتہاری بھی قرار دے رکھا ہے۔ نادرا نے ملزم کا شناختی کارڈ عدالتی حکم کی روشنی میں بلاک کررکھا ہے۔عدالت پولیس کو ہراساں کرنے سے روکنے کے احکامات صادر کرے۔

لاہور ہائی کورٹ نے ایف آئی اے اور پولیس کو اداکارہ صوفیہ مرزا کو ہراساں کرنے سے روکتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔ عدالتی حکم پرتھانہ کیولری گراؤنڈ کے ایس ایچ او نے جواب داخل کرا دیا۔ 

پولیس نے اپنے مؤقف میں کہا کہ صوفیہ مرزا کو ہراساں نہیں کیا جارہا اور نہ ہی ان کےخلاف کوئی درخواست ہے۔

مزیدخبریں