فیکٹ چیکر: ایٹمی اثاثوں کی فروخت، اسحاق ڈار سے منسوب بیان جعلی ہے

فیکٹ چیکر: ایٹمی اثاثوں کی فروخت، اسحاق ڈار سے منسوب بیان جعلی ہے
کیپشن: Fact Checker: Sale of nuclear assets, statement attributed to Ishaq Dar is fake

ایک نیوز نیوز: ( فیکٹ چیکر) وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارسے منسوب ایک ٹویٹ سوشل میڈیا پرزیرگردش ہے جس میں وہ پاکستان کی معیشت بچانے کیلئے ملک کے ایٹمی پروگرام کو ’بیچ‘ دینے کی بات کررہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یہ وائرل ٹویٹ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ کے میزبان کے بظاہرآفیشل ٹوئٹرہینڈل سے شیئرکی گئی ہے کیونکہ اسحاق ڈار جمعہ 2 دسمبرکی شپ اس پروگرام میں شریک ہوئے تھے۔

ٹویٹ کے متن میں پاکستان کے ڈیفالٹ نہ کرنے سے متعلق دعویٰ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ، “ایٹمی صلاحیت نہ ہونے سے اب کوئی فرق نہیں پڑتا، ملک ابھی بچالیں ، پانچ سال بعد دوبارہ ایٹمی صلاحیت حاصل کرلیں گے’۔

اسحاق ڈارکی جانب سے مزید کہا گیا ہےکہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو پاکستان کو قسط کے پیسے دینے چاہئیں، انہیں کہہ دیا ہے کہ آپ کا رویہ نارمل نہیں۔

ٹویٹ کے آخری حصے میں بتایا گیا ہے کہ، ’اگرآئی ایم ایف نہیں آتا تو ہم جوہری پروگرام بیچ دیں گے، یہ پروگرام ویسے بھی خزانے پربوجھ ہے‘۔

ملک کا ایٹمی پروگرام ببانگ دہل فروخت کرنے کی بات کوئی معمولی بات نہیں، اس لیے شاہ زیب خانزادہ کے آفیشل ٹوئٹرہینڈل سے یہ دعویٰ پڑھ کر بیشتر افراد کو اچنبھا ہوا کہ اتنی ذمہ دار پوسٹ پر بیٹھ کر اسحاق ڈار ایسی بات کیسے کرسکتے ہیں۔

حقیقت یہ ہے کہ لیگی رہنما اسحاق ڈار نے پروگرام میں سیاست کے علاوہ ملکی معیشت پربھی بات کی اور سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی مدت کے دوران ان کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پرتحفظات کااظہار بھی کیا۔

تاہم اس پروگرام میں ان کی جانب سے ایسی کوئی بات نہیں کی گئی تھی جو ملکی مفاد کے خلاف ہو۔ اسحاق ڈار سے منسوب کی جانے والی یہ ٹویٹ سراسرجعلی ہے اور شاہ زیب خانزادہ نے اپنے ہینڈل سے ایسی کوئی ٹویٹ نہیں کی۔

منسٹری آف انفارمیشن اینڈ براڈ کاسٹنگ نے بھی ایک ٹوئٹ میں اس بات کی تصدیق کی ہے اور مذکورہ ٹوئٹ کو جعلی قرار دیا ہے۔