مسلح افواج کا مقبوضہ جموں و کشمیر کے دلیر  عوام کیساتھ اظہار یکجہتی 

Aug 05, 2024 | 00:52 AM

ایک نیوز: یوم استحصال کشمیر کے موقع پر مسلح افواج نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے دلیر عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔   

آئی ایس پی آرکے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، فوجی سربراہان اور مسلح افواج نے کشمیری عوام سے غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ کشمیری عوام کے جائز حق خودارادیت کی دوٹوک حمایت کرتے ہیں۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور فوجی محاصرہ کے اقدامات قابل مذمت ہیں، مقبوضہ علاقہ میں آبادیاتی ساخت میں غیرقانونی تبدیلی اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی بھی مذمت کرتے ہیں، یہ غیرمنصفانہ اقدامات اور بھارتی حکومت کے اشتعال انگیز بیانات علاقائی استحکام کیلئے مستقل خطرہ ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن واستحکام تنازع کشمیر کی اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل سے وابستہ ہے، پاکستان کی مسلح افواج بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر کے شہدا کی غیرمعمولی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہیں۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کی جائز جدوجہد میں ان کی سیاسی، اخلاقی اور انسانی بنیادوں پر غیرمتزلزل حمایت جاری رکھی جائے گی۔

مزیدخبریں