گرفتاری کے بعد عمران خان کا ویڈیو پیغام جاری، کارکنان سے اپیل کردی

Aug 05, 2023 | 15:26 PM

ایک نیوز: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے گرفتاری سے قبل ریکارڈ کیا گیا اپنا ویڈیو پیغام جاری کر دیاہے جس میں انہوں نے کارکنان کو پر امن احتجاج کا پیغام دیا ہے۔

عمران خان نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میرے پاکستانیوں جب تک یہ پیغام آپ تک پہنچے گا مجھے یہ گرفتار کر چکے ہوں گے اور میں جیل میں ہوں گا، میری آپ سے اپیل ہے کہ آپ نے گھروں میں چپ کر کے نہیں بیٹھنا ، میں یہ جدوجہد اپنی ذات کیلئے نہیں بلکہ اپنی قوم اور آپ کیلئے کر رہاہوں ، آپ کے بچوں کے مستقبل کیلئے کر رہاہوں ، اگر آپ اپنے حقوق کیلئے کھڑے نہیں ہوں گے تو آپ غلاموں کی زندگی گزاریں گے۔ 

انہوں ںے کہا کہ غلاموں کی کوئی زندگی نہیں ہوتی ، غلام ایسے ہی ہیں جیسے چیونٹیاں زمین پر ہیں ، ان کی اوپر پرواز نہیں ہوتی، پاکستان خواب کا نام تھا، ہم کسی انسان کے سامنے نہیں جھکتے۔ کلمہ ہمیں انسان کی غلامی سے آزاد کرتاہے۔ 

ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ مدینہ کی ریاست میں ہمارے نبی ﷺ نے سب سے پہلے انسانوں کو انصاف اور عدل دے کر آزاد کیا تھا ، یہ جنگ انصاف اور آپ کے حقوق اور آزادی کی ہے، کوئی آزادی پلیٹ میں رکھ کر نہیں دیتا، زنجیریں گرتی نہیں بلکہ توڑنی پڑتی ہیں ، آپ نے پرامن احتجاج کرتے رہناہے جب تک آپ کو حق نہیں ملتا، سب سے بڑا بنیادی حق ووٹ کے ذریعے اپنی حکومت منتخب کرنا، نہ کہ کوئی اور اس ملک پر قبضہ کر کے بیٹھ جائے۔


یاد رہے کہ سیشن عدالت نے عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں تین سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے جس کے فوری بعد پولیس نے انہیں لاہور کی رہائشگاہ زمان پارک سے حراست میں لیا اور انہیں اب بذریعہ ہیلی کاپٹر لاہور سے اسلام آباد منتقل کیا جائے گا۔

مزیدخبریں