ایک نیوز: سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ یہ 85 ممبروں پر مشتمل دنیا کی سب سے بڑی کابینہ ہے، حکومت جو صرف چار دن کی مہمان اداکار رہ گئی ہے ظلم بربریت چنگیزیت دہشتگردی کی سیاہ تاریخ چھوڑ کر جارہی ہے۔
سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پولیس ہمارے گھروں سے گاڑیاں گھڑیاں کیش اور فون لے جاتی ہے، عورتوں اور بچوں کو لاپتہ کر دیتی ہے اور عدالتیں تماشہ دیکھتی رہ جاتی ہیں اگر غلطی سے اُن کی ضمانت لے لی جائے تو جیل کے دروازے پر ہی دوسرے کیس میں گرفتار کرلیا جاتا ہے۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک میں جنگل کا قانون ہے، 10 اگست کو اتحادی تیتر بیتر ہوجائیں گے، رات بھی اسلام آباد پولیس میری تلاش میں میری وجہ سے میرے دوست کے گھر کو توڑ پھوڑ کر ایک ملازم کو اٹھا کر لے گئی ہے۔پولیس کے حوالے سے آرمی چیف جناب جنرل عاصم منیر صاحب سے درخواست کروں گا کہ اپنی کسی ایجنسی کی ڈیوٹی لگائیں اور تحقیقات کرائیں، اشفاق وڑائچ ،شفقت فیض اور سی پی او راولپنڈی کے رویے سے اداروں کے مقام اور شہرت کو ایسے لوگ کتنا نقصان پہنچا رہے ہیں۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے کل کے فیصلے نے الیکشن کمیشن کو واضح ہدایت جاری کر دی ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ ازخود آگے نہیں بڑھا سکتا نگران وزیراعظم وہی آئے گا جس کو لانے والے لائیں گے۔