ایک نیوز: 06 قتلوں میں ملوث خطرناک اشتہاری ملزم کوسعودی عرب سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب پولیس سپیشل آپریشن سیل ٹیم نے اشتہاری زاہد اقبال کو سعودی عرب میں ٹریس کرکے گرفتار کیا ۔ملزم سنگین وارداتوں کے ارتکاب کے بعد بیرون ملک مفرور ہوگیا تھا۔انٹرپول کی مدد سے ملزم زاہد اقبال کو پاکستان لایا گیا، مزید قانونی کاروائی کیلئے نوشہرہ ورکاں پولیس کے حوالے کر دیا گیا ۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ اشتہاری زاہد اقبال نے ایک واقعہ میں 04 افراد، دوسرے واقعہ میں 02 افراد کے قتل کئے تھے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نےخطرناک اشتہاری کی گرفتاری کیلئے فالو اپ کرنے والی پولیس ٹیم کو شاباش دی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ اشتہاری زاہد اقبال کی گرفتاری سے بیرون ملک اشتہاریوں کی مجموعی تعداد 103 ہو گئی ہے۔قتل، ڈکیتی، اغواء برائے تاوان جیسے سنگین جرائم میں بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے۔ایف آئی اے، انٹرپول اور دیگر اداروں کے تعاون سے کاروائیوں کو جاری رکھا جائے ۔آر پی اوز، ڈی پی اوز خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاریوں کی رپورٹس باقاعدگی سے سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں۔