ایک نیوز: پاک بحریہ کے آخری ٹائپ۔21 کلاس جہاز پی این ایس طارق کی الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاکستان نیوی ڈاکیارڈ آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔ مہمان خصوصی نے گزشتہ تین دہائیوں میں مادروطن کے دفاع کیلئے پی این ایس طارق کی شاندار خدمات کو سراہا۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے جہاز کو بہترین آپریشنل حالت میں برقرار رکھنے پر جہاز کے عملے کی تعریف کی۔ 1993 میں برطانیہ کی رائل نیوی سے لیے گئے اس جہاز کی پاک بحریہ میں شمولیت کے وقت وزیر اعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو تقریب کی مہمان خصوصی تھیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پی این ایس طارق نے اب تک متعدد مشن سر انجام دیے اور 2005 میں آئے سونامی کے بعد مالدیپ میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں بھی حصہ لیا۔ پی این ایس طارق کو پاکستان نیوی اور رائل نیوی کی یادگار کے طور پر برطانیہ کے بحری میوزیم رکھا جائے گا۔
تقریب میں سول و ملٹری شخصیات بشمول پی این ایس طارق کے سابق کمانڈنگ افسران اور عملے نے شرکت کی۔