110 سالہ خاتون نے اسکول میں داخلہ لے لیا

 110 سالہ خاتون نے اسکول میں داخلہ لے لیا
کیپشن:  110 سالہ خاتون نے اسکول میں داخلہ لے لیا

ایک نیوز :سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی110 سالہ دادی نے اسکول میں داخلہ لے لیا۔
کہتے ہیں ناں کہ تعلیم حاصل کرنے کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں ہوتی اور یہ بات ایک سعودی خاتون نے اسکول میں داخلہ لے کر سچ ثابت کردی ۔سعودی میڈیا کے مطابق البیشہ گورنری سے تعلق رکھنے والی خالہ نوضاء القحطانی کی عمر 110 سال ہے نے اپنی ادھوری تعلیم کو مکمل کرنے کے لیے تعلیم بالغان کے اسکول میں داخلہ لے لیا۔

خالہ نوضاء القحطانی کا کہنا ہے کہ جلد شادی ہونے کے باعث تعلیم ادھوری چھوڑنا پڑی تھی۔ پھر بچے ہوئے، ان کی ذمہ داریاں نبھاتے نبھاتے ایک عمر لگ گئی لیکن ہر وقت تعلیم مکمل نہ کرپانے کا ملال رہتا تھا۔110 سالہ دادی نے کہا کہ میں اس موقع کی تلاش میں تھی کہ کب مجھے اس عمر میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع مل سکے۔ حکومت نے تعلیم بالغان کا سلسلہ شروع کیا تو جیسے میرے من کی مراد بر آئی۔

خالہ نوضاء القحطانی اب اسکول میں دنیاوی تعلیم ہی نہیں بلکہ دینی تعلیم بھی حاصل کر رہی ہیں اور وہ بے حد خوش ہیں کہ انھیں اس عمر میں سیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔

ان کے اہل خانہ نے بھی اس پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔ اسکول منتظمین بھی خالہ نوضاء القحطانی کی کارکردگی سے کافی متاثر ہیں۔