ایک نیوز نیوز: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی آواز بنا رہے گا، جن کی لازوال قربانیاں اس وقت بھی جاری ہیں، اور ہم ان کے جائز حقوق کے مکمل حصول کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت کے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات، مسلسل غیر انسانی فوجی محاصرے اور کشمیری عوام کے ناقابل بیان مصائب پر بے حسی کو جاری رکھے ہوئے تین سال ہوچکے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی حکومت، بی جے پی اور آر ایس ایس کے گٹھ جوڑ کے زیر اثر، چوتھے جنیوا کنونشن سمیت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کے لیے اپنے ہندوتوا ایجنڈے کو بے شرمی اور ڈھٹائی سے آگے بڑھا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی قابض افواج نے 5 اگست 2019 سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اضافی فوجیوں کی تعیناتی اور میڈیا پر کڑی پابندیاں لگا کر، مقبوضہ جموں و کشمیر کو کرہ ارض کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال گزشتہ تین سالوں کے دوران سنگین طور پر ابتر ہوئی ہے۔ کشمیری عوام ابھی تک فوجی محاصرے میں ہیں، درحقیقت کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق اور ہر قسم کی آزادی سے مسلسل محروم رکھا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:گورنر پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب کو نئی مشکل میں ڈال دیا
شہباز شریف نے کہا جیسا کہ توقع تھی کشمیری عوام نے بڑی جرات اور دلیری سے اپنے خلاف بھارتی مظالم کی مہم کو ناکام بنایا ہے۔ پاکستان نے کشمیریوں کے جائز مقصد کے حصول کے لیے ان کی ہر ممکن مدد کی ہے۔ پارلیمنٹرینز، صحافیوں، انسانی حقوق کے کارکنوں، بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی برادری کے اراکین نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی جاری سنگین خلاف ورزیوں پر مسلسل آواز اٹھائی ہے۔ بھارت ایک بار پھر ایک جارح اور غاصب کے طور پر دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات قابلِ افسوس ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت انسانی وقار، انصاف اور انصاف کے عالمی نظریات کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا ہے۔شہباز شریف نے کشمیریوں کی دلیری کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کشمیری عوام کی بے مثال قوت ارادی اور ہمت ہے جس نے انہیں دہشتگردی اور محکوم بنانے کی ہر بھارتی کوشش کا مقابلہ کرنے کے قابل بنایا ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کا محاصرہ چوتھے سال میں داخل ہو رہا ہے، عالمی برادری کو بھارت پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے، آبادیاتی تبدیلیوں اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اقدامات کو روکنے کے لیے دباؤ ڈالنا چاہیے تاکہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر فوری عمل درآمد کے ذریعے اپنے حق خودارادیت کا استعمال کرنے کے قابل بنایا جاسکے۔
شہباز شریف نے پوری قوم کی ترجمانی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی طرف سے اپنے ان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی آواز بنا رہے گا، جن کی لازوال قربانیاں اس وقت بھی جاری ہیں اور ہم ان کے جائز حقوق کے مکمل حصول کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔