وزیر اعظم و اپوزیشن لیڈر سمیت ملکی سیاسی قیادت کے یوم استحصال کشمیر پر پیغامات جاری

وزیر اعظم و اپوزیشن لیڈر سمیت ملکی سیاسی قیادت کے یوم استحصال کشمیر پر پیغامات جاری
لاہور: وزیر اعظم عمران خان ، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سمیت ملکی سیاسی قیادت نے یوم استحصال کشمیر پر پیغامات جاری کر دیے۔ پاکستانی سیاسی قیادت نے عالمی برادری سے کشمیر کے منصفانہ حل اور بھارتی اقدامات کے خلاف ایکشن کا مطالبہ کیا ۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت اپنی ریاستی دہشتگردی سے پورے خطے کا امن و استحکام تباہ کررہا ہے،بھارت کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل اور کشمیریوں کو تباہ کرنا چاہتا ہے، بھارت آر ایس ایس کے ہندوتوانظریہ سے متاثر ہو کر مقبوضہ کشمیر میں بربریت کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم ہوئے آج دو سال ہوگئے،ان دو سالوں میں دنیا نے کشمیر میں بھارتی مظالم اور بربریت دیکھ لی،بھارت ایسا کر کے بین الاقوامی قوانیں کی بھی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ5اگست 2019 کے غیرقانونی بھارتی اقدامات کو 2 سال ہوگئے،بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل بنادیا، ظلم وستم کے انتہاکردی۔یوم استحصال کشمیر کے موقع پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں شہبازشریف نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل بنادیا، ظلم وستم کی انتہاکردی ہے اور دو سال میں بھارت نے کھلم کھلا مقبوضہ کشمیر میں من مانیاں جاری رکھیں جبکہ سلامتی کونسل نشستن، گفتن، برخاستن تک محدود رہی ۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ قوم کشمیری عوام کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے، کشمیر پر ہم نے چار جنگیں لڑیں، ہم نے اپنا لہو دیا اور ہمارے جوان شہید ہوئے، پاکستان اور کشمیر کے عوام مل کر پانچ اگست کے بھارتی اقدام کو واپس کرائیں گے۔ 

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کشمیریوں کو قراردادوں کے مطابق بنیادی حقوق دیے جائیں۔دنیا بھر میں کشمیری جہاں جہاں بھی ہیں بھارت کے خلاف ہم آواز ہیں اور پاکستانی قوم 5 اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اقدام کو مسترد کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی قیادت نے بھی بھارتی حکومت کے اقدامات مسترد کردیئے ہیں کیونکہ بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں۔