فواد چودھری کو جیل سے رہا کردیا گیا

Apr 06, 2024 | 00:02 AM

ایک نیوز :سابق وزیراطلاعات فواد چودھری  کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔

جیل ذرائع کےمطابق فواد چودھری  کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا،فواد چودھری اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد گھر پہنچ گئے۔فواد چودھری کی بیٹیاں  فواد چودھری کے گھر پہنچنے پر خوش ہوئیں والد کا استقبال کیا۔تمام مقدمات میں ضمانت کی منظوری کے بعد فواد چودھری کو رہا کیا گیا۔ فواد چودھری  کی 2 روز قبل ضمانت منظور ہوئی تھی،فوادچودھری  پر نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے کروڑوں روپے رشوت وصولی کا الزام تھا،انہوں   نے ضمانت بعد از گرفتاری کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری  کی جہلم اراضی اسکینڈل میں ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل ڈویژن بینچ نے جہلم میں زمین سے متعلق نیب کیس میں فواد چوہدری کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔

جہلم اراضی کیس میں نیب کی جانب سے درج مقدمے میں نامزد فواد چوہدری کے وکیل قیصر امام اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے، جہاں عدالت نے دلائل سننے کے بعد سابق رہنما تحریک انصاف کی ضمانت کی درخواست منطور کرلی۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے فواد چوہدری کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرتے ہوئے فواد چوہدری کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

مزیدخبریں