ایک نیوز:آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ نئے پروگرام پر بات چیت کا آغاز کرنے کیلئے آمادگی ظاہر کردی ہے۔
آئی ایم ایف کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ آئندہ مہینوں میں نئے پروگرام پر بات کرنے کیلئے تیار ہیں۔آئندہ ہفتوں میں پاکستانی ترقی سے متعلق پیش گوئی جاری کریں گے۔
اس سے قبل آئی ایم ایف کی کمیونیکیشن ڈائریکٹر جولی کوزیک نے کہا تھا کہ پہلا جائزہ مکمل ہونے کے بعد سے پاکستان کی اقتصادی اور مالیاتی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسٹینڈ بائے معاہدے کے تحت پاکستان کو 3 ارب ڈالر کی ادائیگی ہو گی، توقع ہے آئی ایم ایف بورڈ کی میٹنگ رواں ماہ کے آخر میں ہوگی۔
اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے خبردار کیا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی شرائط آسان نہیں ہوں گی۔
کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اس مہینے آئی ایم ایف سے اگلی قسط مل جائے گی جبکہ آئی ایم ایف کے نئے پروگرام کیلئے وزیرخزانہ کی میٹنگ ہوگی، آئی ایم ایف پروگرام کیلئے شرائط آسان نہیں ہوں گی تاہم آئی ایم ایف پروگرام معیشت کی بحالی کیلئے نا گزیر ہے۔