ایک نیوز:چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کاکہنا ہے کہ ادارے میں چند افراد ضد پر اتر آئے ہیں، سیاست کر رہے ہیں،اگر سیاست کرنی ہے تو تیاری پکڑیں ہم اپ کا سیاست میں مقابلہ کریں گے۔
خیر پور میں ایک تقریب سے خطاب میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم نہیں مانتے کہ ملک میں انصاف کا کوئی ادارہ ہے۔ان کٹھ پتلیوں کو جواب دیں گے، تخت لاہور میں بیٹھ کر ان غیر جمہوری قوتوں کو جواب دیں گے۔
بلاول بھٹو کاکہنا تھا کہ ان ہی عدالتوں کی وجہ سے قائد عوام کو پھانسی پر چڑھایا گیا۔ انہیں شرم نہیں آئی۔ خیال نہیں آیا، ہم نہیں مانتے کہ اس ملک میں کوئی انصاف کا ادارہ ہے۔ آج تک کسی جج نےشہید ذوالفقار علی بھٹو کا کیس نہیں سنا۔ ججز جو مشرف کےساتھ ملی بھگت کر کے 11 سال کی آمریت کی اجازت دیتے ہیں، جب بےنظیر شہید ہوئیں تو ججز کو غیرت نہیں آئی کہ انہیں انصاف دیں۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ میں عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے تیار ہوں، نہ میں اپنے نانا اور نہ ہی والدہ کو انصاف دلاسکا، عمران خان اور سابق اسٹیبلشمنٹ مانتی ہے کہ انہوں نے آئین پر ڈاکہ مارا۔