ایک نیوز:ائیر چیف ظہیر احمد بابر سدھو نے ایران کے ساتھ عسکری تعاون اور تربیتی شعبے میں پہلے سے موجود دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کااظہار کیا۔
سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر سدھو سےاسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے ملاقات کی ۔ باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات میں سربراہ پاک فضائیہ نے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے وسیع منصوبوں پر روشنی ڈالی۔سربراہ پاک فضائیہ نے اتحادی ممالک سے سمارٹ ایکوزیشنز، انفراسٹرکچر کی توسیع اور ٹریننگ کی از سر نو تشکیل کے مختلف منصوبوں کا ذکر کیا۔
سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر سدھو کاکہنا تھا کہ پاکستان، ایران کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔دونوں ممالک کے مابین تعلقات علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔
ایران سفیرسید محمد علی حسینی کاکہنا تھا کہ پاک فضائیہ کی جانب سے خود انحصاری کے میدان میں کی گئی غیر معمولی پیش رفت قابلِ تحسین ہے۔