ایک نیوز :وزیراعظم کی زیر صدارت حکومتی لیگل ٹیم کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف قانونی آپشنز پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں بعد کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے آئندہ کی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔
حکومتی لیگل ٹیم کے اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، عطا تارڑ، اکرم شیخ اور اٹارنی جنرل نے شرکت کی۔
علاوہ ازیں وزیراعظم نے انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے تناظر میں اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس طلب کرلیا، جو آج شام وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا۔
پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں پنجاب الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کی صورتحال پر مشاورت کے علاوہ پارلیمنٹ میں حکومتی مؤقف کو بھرپور اجاگر کرنے سے متعلق حکمت عملی پر غور ہوگا۔ اجلاس میں آئندہ کی سیاسی حکمت عملی بھی طے کی جائے گی۔