عدالتی حکم کے باوجود پنجاب میں انتخابات نہیں ہوں گے: عمران خان کو خدشہ

عدالتی حکم کے باوجود پنجاب میں انتخابات نہیں ہوں گے: عمران خان کو خدشہ

ایک نیوز: پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عدالت نظریہ ضرورت کو خیر باد کہتے ہوئے آئین کیساتھ کھڑی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں سابق وزیراعظم نے لکھا کہ آج رات نمازِعشاء کی ادائیگی کےبعد ہم چاروں صوبوں میں 75 سے زائد مقامات پر یوم تشکر منا رہے ہیں۔ عدالتِ عظمیٰ آئین کے ساتھ کھڑی اور نظریہ ضرورت، جسے قانون کی حکمرانی کو پس پشت ڈال کر بروئےکار لایاجاتاہے، کو خیربادکہہ چکی ہے۔ حقیقی آزادی کی جانب بلاشبہ یہ ایک بڑا قدم ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ میں اپنے لوگوں سے مخاطب ہوں گا اور انہیں اُس حقیقی خطرے کہ عدالت عظمیٰ کے حکم کے باوجود مقتدر مافیا انتخاب نہیں کروائے گا، کے بارےمیں آگاہ کروں گا کیونکہ یہ گروہ شکست سے بے حدخوفزدہ ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں دستور کو بالادست رکھنےوالی اپنی عدلیہ کے حمایت وتحفظ کی خاطر پُر امن احتجاج کیلئے سڑکوں پر نکلنے کیلئے تیار رہنا ہو گا۔

ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر خاص طور پر ماہِ مقدس (رمضان المبارک) کے دوران اسرائیلی فوجیوں کے مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر حملے کی شدید مذمت کرتاہوں۔ او آئی سی کی ذمہ داری ہے کہ UNSC+ عالمی برادری کو بتائے کہ اس قسم کی وحشت سے پوری دنیامیں مسلمانوں کےجذبات کو شدیدٹھیس پہنچتی ہے۔