ایک نیوز: تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ ماننے والے وفاقی وزراء کے خلاف الیکشن کمیشن میں نااہلی ریفرنس دائر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مرکزی رہنما پی ٹی آئی فوادچودھری کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ کل وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کیا۔ کابینہ کا سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ ماننے کا اعلان آئین سے بغاوت ہے۔ وفاقی وزرا رات 12 بجے تک کابینہ کے اعلامیے سے اظہار لاتعلقی کریں۔ اگر اظہار لاتعلقی نہیں کیا گیا تو الیکشن کمیشن میں نااہلی ریفرنس دائر کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ وزراخود کو آج رات تک اعلامیہ سے الگ نہیں کرتے تو ریفرنس بھیجوائیں گے ،ان کاکہناتھا کہ ان وزرا کی تفصیل مانگی ہے جنہوں نے کل کابینہ اجلاس میں شرکت کی ۔
فوادچودھری نے کہاکہ آرٹیکل 63 اے کے تحت ڈی سیٹ کا ریفرنس بھجوایا جائے گا،ان وزرانے نظریہ پاکستان کے خلاف کام کیا، بیوقوفوں کو اتنا نہیں پتہ کسی فیصلے پر جج پر ریفرنس فائل نہیں کیا جاسکتا۔
پی ٹی آئی رہنما کاکہناتھا کہ یہ ہر اس فرد کی جیت ہے جو آئین، قانون اور اداروں پر یقین رکھتا ہے، چیف جسٹس نے آئین اور دستور کا ساتھ دیا۔