انتخابات ملک کو انارکی اور افرا تفری کی جانب دھکیلیں گے: رانا ثنااللہ

Apr 05, 2023 | 15:26 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ ایک شخص کی ہٹ دھرمی کسی صورت قبول نہیں ہے۔ متنازع انتخابات ملک کو انارکی اور افرا تفری کی جانب دھکیلیں گے۔

رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ملک میں متنازع طریقے سے الیکشن کروانےکی کوشش کی جا رہی ہے۔ ہم الیکشن سے گھبرانے والے نہیں ہیں، ہم ہمیشہ عوام کی طاقت سے اقتدار میں آئے ہیں۔ ہم الیکشن لڑیں گے اور ووٹ کی طاقت سے منتخب ہو کر آئے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کے ججز میں بھی اتفاق نہیں ہے۔  اس قسم کا الیکشن ملک کو انارکی اور افرا تفری کی طرف دھکیلے گا اور  ایسے انتخابات خدانخواستہ ملک کی تباہی کا باعث بنیں گے۔ ہم اس تباہی کے راستے میں رکاوٹ ہیں۔

رانا ثنا اللہ کا مزید کہنا تھا ایک شخص کی ہٹ دھرمی کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ ایک آدمی اپنی انا اور ضد پر اڑا ہوا ہے، کبھی لانگ مارچ اور کبھی عوام کے ذریعے الیکشن چاہتا ہے۔ الیکشن ضرور ہوں گے لیکن وقت اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی مرضی اور رائے سے ہونگے۔ جن الیکشنز پر سیاسی جماعتوں، الیکشن کمیشن اور باقی اداروں کا اتفاق نہیں تو ایسے الیکشن کیسے ہو سکتے ہیں۔

مزیدخبریں