7 سال بعد ایران عرب امارات سفارتی تعلقات بحال 

UAE IRAN DIPLOMATIC RELATIONS
کیپشن: UAE IRAN DIPLOMATIC RELATIONS
سورس: google

ایک نیوز : ایران نے متحدہ عرب امارات کے لیے 7 سال بعد اپنا نیا سفیر نامزد کردیا۔

 ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق، سینئر سفارتکار رضا امیری کو ابوظہبی کے لیے سفیر مقرر کیا گیا ہے جو سات سال بعد متحدہ عرب امارات میں ایرانی سفیر کے طور پر تعینات ہوں گے جو کہ اس سے پیشتر الجزائر،ایریٹریا اور سو ڈان میں بھی یہ عہدہ سنبھال چکے ہیں۔

واضح رہےکہ ایران اورسعودی عرب نے بھی  سال 2016 کے بعد اپنے سفارتی تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد سعودی فرماں روا شاہ سلمان نے ایرانی صدر کو سعودی عرب کے دورے کی دعوت بھی دی ہے۔

 دوسری طرف ایک سعودی اخبار اور ایرانی عہدیدار نے بتایا ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے وزرائے خارجہ جمعرات (چھ اپریل) کو بیجنگ میں ملاقات کریں گے۔

دونوں ممالک چین کی ثالثی میں اپنے سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد اگلے اقدامات کی جانب بڑھنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اور ان کے ایرانی ہم منصب حسین امیرعبداللہیان کے درمیان ہونے والی ملاقات سات سال سے زائد عرصے میں دونوں ملکوں کی اعلیٰ ترین سطح پر پہلی باضابطہ ملاقات ہوگی۔

برسوں کی کشیدگی کے بعد تہران اور ریاض نے گذشتہ ماہ چین کی ثالثی میں اپنی سفارتی خلیج کو ختم کرنے اور سفارت خانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا تھا۔