کرپشن الزامات پرٹی وی چینل نے اسحاق ڈار سے معافی مانگ لی

Apr 05, 2023 | 12:06 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: برطانیہ میں نشریاتی حقوق رکھنے والے پاکستانی ٹی وی چینل نے اسحٰاق ڈار کے خلاف الزامات پر ان سے معافی مانگ لی۔

 رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نےالزام عائد کیا تھا کہ اسحٰاق ڈار مجرمانہ سرگرمیوں اور جعلی اکاؤنٹس کھولنے میں ملوث ہیں۔جس پر اسحٰاق ڈار نے مذکورہ خبرنشرکرنے والے چینل کیخلاف ہتک عزت کی کارروائی شروع کی تھی جس پر بعد میں چینل نے وزیر خزانہ کے ساتھ عدالت سے باہر تصفیہ کرتے ہوئےمعافی مانگنے پررضامندی ظاہرکی تھی۔چینل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ فرخ حبیب کی جانب سے عائد کردہ الزامات جعلی، بے بنیاد اورجھوٹے ہیں جنہیں نشر کرنے پر افسوس ہے۔

اس سے قبل 2021 میں اے آر وائی برطانیہ کے نشریاتی ادارے نے بھی اسحٰاق ڈار سے معافی مانگتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی جانب سے لگائے گئے کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات من گھڑت تھے۔ ہتک آمیز الزامات 8 جولائی 2019 اور 8 اگست 2019 کے دو نیوز شوز میں لگائے گئے تھے۔ عمران خان کے مشیر احتساب شہزاد اکبر نے اسحٰاق ڈار پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے اداروں کو نظام تک رسائی نہ دیتے ہوئے پاکستان میں مالیاتی مانیٹرنگ یونٹ کے کام میں رکاوٹ ڈالی تھی۔

شہزاد اکبر کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ اسحٰاق ڈار نےیہ اقدامات چوہدری شوگر ملز منی لانڈرنگ کیس میں ملوث افراد کو بچانے کے لیےاٹھائے تھے۔

جس کے بعد اے آر وائی یو کے پر نشر معافی نامے میں کہا گیا تھا کہ ’ہم مانتے ہیں کہ اسحٰق ڈار نے مالیاتی یونٹ کے کام میں کبھی رکاوٹ نہیں ڈالی، نہ ہی انہوں نے مبینہ چوہدری شوگر ملز سمیت کسی مقدمے میں کسی شخص کو بچایا۔اس نشریات کے باعث شدید پریشانی و شرمندگی کا سامنا کرنے پر ہم اسحٰق ڈارسے غیر مشروط معافی مانگتے ہیں‘.

مزیدخبریں