الیکشن کمیشن نے پنجاب میں انتخابات کا نیاشیڈول جاری کردیا

Apr 05, 2023 | 14:50 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز : سپریم کورٹ کےحکم کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب میں 14مئی کو عام انتخابات کانیا شیڈول جاری کردیاگیا۔

  الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق پنجاب میں پولنگ 14 مئی کو ہو گی ۔ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کی آخری تاریخ 10 اپریل ہے۔الیکشن ٹربیونل 17 اپریل تک اپیلوں پر فیصلہ کرے گا۔

الیکشن کمیشن کامزید کہناہے کہ امیدواروں کی لسٹ شائع کرنے کی آخری تاریخ 18 اپریل ہو گی،کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 19 اپریل ہو گی ، انتخابی نشانات 20 اپریل کو الاٹ کئے جائیں گے۔

 قبل ازیں سپریم کورٹ کے پنجاب میں انتخابات کے فیصلے کےبعد  چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیرصدارت مشاورتی اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے تناظر میں اہم فیصلے  کیے گئے۔ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ احکامات کے مطابق الیکشن کرانے کیلئے لائحہ عمل طےکیا۔ 

 ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے متعلقہ ونگز کو پنجاب میں انتخابات کے حوالے سے تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔ الیکشن کمیشن نےجلد فنڈز اور دیگر متعلقہ امور کے لیے وفاقی حکومت سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ آف پاکستان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا انتخابات التوا کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کا 22 مارچ کا شیڈول کالعدم قرار دے دیا  تھا۔ وفاقی حکومت کو پنجاب اور خیبرپختونخوا انتخابات کے لیے 20 ارب روپے جاری کرنے کا حکم بھی جاری کردیا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے 22 مارچ کو پنجاب انتخابات  کے شیڈول کو ملتوی کرتے ہوئے 8 اکتوبر کو الیکشن کرانے کا اعلان کیا تھا جسے سپریم کورٹ نے گزشتہ روز  کالعدم قرار دےد یا گیا تھا۔

مزیدخبریں