ایک نیوز :فن لینڈ باضابطہ طور پر نیٹو میں شامل ہو گیا جس کے بعد اس کا جھنڈا فوجی اتحاد کے برسلز ہیڈ کوارٹر کے باہر 30 دیگر اراکین ممالک کے جھنڈوں کے ساتھ لہرایا گیا۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئیٹرز کے مطابق فن لینڈ کی نیٹو میں شمولیت کے بعد روس کے ساتھ فوجی اتحادی ممالک کی مشترکہ سرحد کی لمبائی تقریباً دوگنی ہوگئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کے یوکرین پر حملے کے بعد سامنے آنے والی اس اہم پالیسی کی تاریخی تبدیلی کے رد عمل میں ماسکو کی جانب سے جوابی اقدامات کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔فن لینڈ کے وزیر خارجہ نے نیٹو ہیڈکوارٹر میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو ایک سرکاری دستاویز سونپ کر الحاق کا عمل مکمل کیا۔
نیٹو سیکریٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے اس موقع پر منعقدہ تقریب میں اعلان کیا تقریباً 75 سالوں سے اس عظیم اتحاد نے ہماری اقوام کی حفاظت کی ہے اور آج بھی کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب جنگ یورپ میں واپس آگئی ہے اور فن لینڈ نے نیٹو میں شامل ہو کر دنیا کے کامیاب ترین اتحاد کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج فن لینڈ اس اتحاد کا حصہ بن گیا اور سویڈن بھی جلد ہی اس اتحاد کا مکمل رکن بن جائے گا۔
فن لینڈ کے صدر نے اپنے خطاب میں کہا نیٹو کا مشترکہ ڈیٹرنس اور دفاع فن لینڈ کی سب سے اہم ذمے داری اپنی سرزمین کا دفاع کرنا ہے، نیٹو کے ساتھ ہم آہنگی کے لیے ابھی مزید اہم کام کرنا باقی ہے، یہ فن لینڈ کے لیے بہت اچھا دن ہے اور میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ یہ نیٹو کے لیے بھی اہم دن ہے۔