ویب ڈیسک: مظفرآباد: آزادکشمیر حکومت نے7 ستمبرکو یوم ختم نبوت سرکاری طورپر منانے کا اعلان کردیا۔
مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق نے7 ستمبرکو یوم ختم نبوت سرکاری طور پر منانے کا اعلان کیا۔
وزیراعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ یوم ختم نبوت سرکاری سطح پر منائیں گے، قومی اسمبلی سے پہلے آزاد کشمیر اسمبلی نے ختم نبوت پر قرار داد منظور کی تھی، آج قانون سازاسمبلی نے 7 ستمبر کو یوم ختم نبوت منانےکی قرار داد منظور کی ہے۔
چودھری انوار الحق کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں گے،ہم نے لوگوں سے جو وعدہ کیا وہ پورا کیا،عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیر اعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ 3 ماہ سے بجلی 3 روپے فی یونٹ دی جارہی ہے، اس کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، موجودہ حکومت میں وہ معجزاتی کام ہوئے ہیں جن کا تصور تک نہیں کیا جاسکتا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پاکستان ترقیاتی منصوبوں میں بھرپور تعاون کر رہی ہے،کشمیر کے عوام کو صحت کی سہولت کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔