ایک نیوز :نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کواجلاس میں بجلی کے شعبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ،وزیرِ اعظم کو ملک میں بجلی کی مجموعی پیداواری استعداد، اصل پیداوار اور مختلف موسموں میں بجلی کی مجموعی ترسیل کے بارے آگاہ کیا گیا.
اجلاس میں وزیرِ اعظم کو بجلی کی پیداوار میں مختلف ذرائع کے استعمال کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی.اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت بجلی چوروں کے خلاف بھرپور ایکشن لے گی.بجلی کے آئندہ پیداواری منصوبوں میں قابل تجدید اور ہائیڈل ذرائع کو ترجیح دی جائے. تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات میں کمی کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں.ٹرانسفارمر میٹرنگ کے منصوبے کے اطلاق کیلئے جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے.
وزیراعظم نے مزید کہا کہ بجلی کے واجبات کے نادہندگان کے خلاف صوبوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر فوری طور پر کاروائی شروع کی جائے.بجلی کے نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف کاروائی میں کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے.چھوٹے ہائیڈل منصوبوں کیلئے ماہرین کی رہنمائی میں منصوبے بنا کر پیش کئے جائیں.
ان کا کہناتھا کہ ایسے منصوبے نہ صرف کم لاگت بجلی پیدا کریں گے بلکہ موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کو کم کرنے میں معاون ثابت ہونگے. کوئلے سے بجلی بنانے کے منصوبوں میں مہنگے درآمدی کوئلے کی بجائے مقامی کوئلے کو ترجیح دی جائے.2400 میگاواٹ کے شمسی توانائی کے منصوبوں کی تعمیر پر جلد سے جلد کام شروع کیا جائے اور اس پورے عمل میں شفافیت یقینی بنائی جائے.حکومت بجلی کے شعبے کا گردشی قرضہ کم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
اجلاس کو ملک میں بجلی کی انرجی مارکیٹ کے قیام پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا.انرجی مارکیٹ کے قیام سے بجلی کے شعبے کی استعداد و کارکردگی میں مؤثر اضافہ ہوگا جس سے دو کروڑ ستر لاکھ گھریلو صارفین کو فائدہ پہنچے گا. وزیراعظم نے کہا کہ اس حوالے سے پاور ڈویژن کی بیشتر کاروائی مکمل ہے.