نگران وزیراعظم کےنجی ٹی وی کو دیےگئےانٹرویو پر پی ٹی آئی کا سخت ردعمل

Sep 04, 2023 | 16:16 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: نگران وزیراعظم کے نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو پر پاکستان تحریک انصاف نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم بادی النظر میں اب تک آئین اور اپنے مینڈیٹ کو ٹھیک طریقے سے سمجھنے سے قاصر ہیں،انوارالحق کاکڑ کی حکومت کے ذمے آئین کی طے شدہ مدت یعنی 90 روز میں صاف، شفاف انتخابات کے انعقاد کی واحد ذمہ داری ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان تحریک انصاف  کا کہنا ہے کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا 9 مئی کے واقعات کے تناظر میں بیان نہایت حیران کن اور باعثِ تشویش ہے،نگران وزیراعظم بادی النظر میں اب تک آئین اور اپنے مینڈیٹ کو ٹھیک طریقے سے سمجھنے سے قاصر ہیں،انوارالحق کاکڑ کی حکومت کے ذمے آئین کی طے شدہ مدت یعنی 90 روز میں صاف، شفاف انتخابات کے انعقاد کی واحد ذمہ داری ہے،نگران وزیراعظم انتخابات کے انعقاد کے علاوہ ہر موضوع پر لب کشائی کرتے اور بیانات داغتے دکھائی دے رہے ہیں۔

ترجمان تحریک انصاف  کا کہنا ہے کہ ملک حکومتی سطح پر ناقص، گمراہ کن اور مجہول بیانیوں کا مزید متحمّل نہیں ہوسکتا،یہ بیانیے بلاشبہ ۹ مئی کے واقعات کے حقائق کو چھپانے کی ایک کوشش لگتے ہیں جنہیں قوم تسلیم نہیں کررہی،قوم 9 مئی کے واقعات کی تمام پہلوؤں سے غیرجانبدارانہ اور اعلیٰ سطحی عدالتی تحقیقات کی تاحال منتظر ہے،نگران وزیراعظم کے پاس قابلِ اعتبار شواہد ہیں تو انہیں قوم کے سامنے رکھیں۔

ترجمان تحریک انصاف نے مزید کہا کہ ریاستی ذمہ داران خصوصاً نگران حکومت کی جانب سے حسّاس قومی معاملات پر بلاتحقیق بیان بازی ملک میں انتشار کے فروغ کی موجب ہے،تحریک انصاف ۹ مئی کے واقعات کے غیرجانبدار اعلیٰ سطحی عدالتی کمیشن کے ذریعے تحقیقات کے چیئرمین عمران خان کے مطالبے کا اعادہ کرتی ہے۔

مزیدخبریں