ایک نیوز: پاکستان اور سعودی عرب کے مابین جاری انسداد دہشتگردی مشقیں اختتام پذیر ہوگئی ہیں۔ جس کی اختتامی تقریب چراٹ میں منعقد ہوئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان "کاؤنٹر ٹیررازم ڈومین AL BATTAR-I میں مشترکہ مشق" کی اختتامی تقریب چراٹ میں منعقد ہوئی۔ دو ہفتے طویل مشق کا آغاز 22 اگست 2023 کو دو برادر ممالک کی اسپیشل فورسز کے دستوں کی شرکت سے ہوا تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر محترم جناب نواف سعید المالکی اور اعلیٰ عسکری قیادت نے مشق کے آخری دن کی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔ دونوں ممالک کی سپیشل فورسز کے ساتھ کامبیٹ ایوی ایشن نے اپنی پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔ فلائی پاسٹ کے ساتھ مشق کا اختتام ہوا۔
اس مشق کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی فوجی تعلقات کو مزید تقویت دینا تھا، جس میں انسداد دہشت گردی کے خلاف مشترکہ روزگار کے تصور کو فروغ دینا اور مستقبل میں فوجی تعاون کے لیے باہمی دلچسپی کے شعبوں کی نشاندہی کرنا شامل ہے۔