ایک نیوز: چہلم حضرت امام حسینؑ کے حوالے سے پنجاب بھر میں حفاظتی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں جبکہ عزاداری جلوسوں کی فول پروف سیکیورٹی کیلئے پنجاب پولیس نے پلان بھی ترتیب دے لیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ جلوس کے راستوں پر فول پروف انتظامات کیلئے متحرک ہے جبکہ رینجرز اور فوج کے دستے امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے طلب کرلیے گئے ہیں۔
پنجاب حکومت نے چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لئے رینجرز اور فوج طلب کرلی ہے۔ رینجرز اور فوج کے دستے لاہور، گجرات اور سیالکوٹ میں تعینات کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ رینجرز اور فوج کے دستے جہلم، چکوال، سرگردھا، خوشاب،جھنگ، ملتان، ڈی جی خان سمیت دیگر اضلاع میں تعینات کیے جائیں گے۔
رینجرز اور فوج کے دستوں کی تعیناتی کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب نے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا ہے۔
ڈی سی لاہور کا عزاداری جلوس کے روٹ پر انتظامات کا جائزہ:
https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-09-04/news-1693816473-1763.mp4
چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے سلسلہ میں ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے الف حویلی سے برآمد ہونے والے عزاداری جلوس روٹ پر انتظامات کا جائزہ لیا۔ جہاں انہوں ںے جلوس کے منتظمین سے ملاقات کی اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی واثق عباس ہرل نے انہیں بریفنگ دی۔
اس موقع پر ڈی وی لاہور نے اپنے بیان میں کہا کہ جلوس روایتی قدیمی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ عزاداروں کے لئے سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ مرکزی جلوس روٹ کی سخت مانیٹرنگ کے لئے کنٹرول روم بھی فعال ہو چکاہے۔ سی سی ٹی وی کیمروں سے جلوس روٹ کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ایم سی ایل عزاداری جلوس روٹ پر اضافی لائٹنگ اور پیچ ورک کو یقینی بنائے۔ بارش کی صورت میں واسا جلوس روٹ پر ڈی واٹرنگ مشینری فعال رکھے گا۔ ایل ڈبلیو ایم سی کے اہلکار صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنائیں گے۔ لیسکو جلوس روٹ پر بلا تعطل بجلی فراہمی، لٹکتی ہوئی تاروں کو ہٹائے گا۔ ریسکیو 1122 ٹیم کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے جلوس روٹ پر موجود رہے گی۔ سول ڈیفنس کے اہلکار پولیس اہلکاروں کے ساتھ ملکر ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چہلم کے ساتھ عرس حضرت داتا گنج بخش اور ایشیا کپ انتظامیہ کے لیے بڑے چیلنج ہیں۔ تمام وسائل کو بروئے کار لا کر تینوں مقامات پر بہترین انتظامات کیے جائیں گے۔ بھرپور تعاون کی یقین دہانی پر جلوس منتظمین کے شکر گزار ہیں۔
چہلم حضرت امام حسینؓ اور عرس داتا گنج بخشؒ، پنجاب پولیس کا سیکیورٹی پلان تیار:
https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-09-04/news-1693816518-6931.mp4
پنجاب بھرمیں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے عزاداری جلوسوں اور مجالس کا سکیورٹی پلان فائنل کر لیا گیا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور سمیت صوبے بھر میں 677 مجالس، 378 جلوس کی سیکیورٹی پر 30 ہزار سے زائد افسران، اہلکار اور رضا کار ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ صوبائی دارالحکومت میں 44 مجالس، 05 مرکزی عزاداری جلوسوں کی سیکیورٹی پر 07 ہزار سے زائد افسران، اہلکار و رضا کار تعینات ہوں گے۔
https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-09-04/news-1693816626-3611.mp4
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تمام عزاداری جلوسوں اور مجالس کے سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ آئی جی پنجاب نے اپنے بیان میں کہا کہ مرکزی و حساس مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی پر اضافی نفری تعینات کی جائے، عزاداری جلوسوں کے روٹس میں آنے والی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے جائیں۔ مجالس اور عزاداری جلوسوں میں لیڈی پولیس افسران اور اہلکار خواتین کی چیکنگ کے فرائض سر انجام دیں گی۔
آئی جی پنجاب نے حضرت عثمان علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش ؒ کے سالانہ عرس کے موقع پر بھی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں ںے کہا کہ چہلم حضرت امام حسن علیہ السلام اور عرس حضرت داتا گنج بخشؒ کے سیکیورٹی ایس او پیز پر من و عن عمل درآمد کیا جائے۔ عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی انتظامات کیلئے کمیونٹی لیڈرز، علماء کرام، امن کمیٹیوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے مسلسل کوآرڈینیشن رکھیں۔ سیف سٹی کیمروں اور کنٹرول رومز سے چہلم جلوس و مجالس،عرس تقریبات کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔
چہلم حضرت امام حسینؓ کے سلسلہ میں جلوسوں کی برآمدگی کا سلسلہ جاری:
https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-09-04/news-1693816594-2053.mp4
چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے سلسلہ میں چکوال ضلع میں جلوس ومجالس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔17 صفر کا مرکزی جلوس کچھ دیر قبل امام بارگاہ مہاجرین سے برآمد ہو کر اپنے مقررہ راستوں پر گامزن ہے۔ جلوس اپنے مقررہ اور قدیمی راستوں سے ہوتا ہوا مغرب کے وقت امام بارگاہ مہاجرین سادات پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
جلوس کی سیکیورٹی کے لیے انتظامیہ کی طرف فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ جلوس کے راستوں پر ایک ہزار سے زائد پولیس، ایلیٹ اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار اور افسران سیکیورٹی فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
پاک فوج ، رینجرز کے دستوں کو بھی کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے الرٹ رکھا گیا ہے۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن ، آر پی او ، ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او اور دیگر انتظامی افسران جلوس کی نگرانی کر رہے ہیں۔