بھارت: 2 اولیائے کرام کے مزار شہید، ہندوانتہا پسندوں کے 'جےشری رام' کے نعرے

بھارت: 2 اولیائے کرام کے مزار شہید، ہندوانتہا پسندوں کے 'جےشری رام' کے نعرے
کیپشن: India: Martyrdom of 2 martyred saints, 'Jayshri Ram' chants by Hindu extremists

ایک نیوز : ہندو انتہاپسندوں نے جے شری رام کے نعرے لگاتے ہوئے بھارتی شہر ڈیرہ دون میں دواولیائے کرام کے مزار شہید کردیے۔ جس کے بعد مسلمانوں میں خوف وہراس پایا جارہا ہے۔ 

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوگئی ہے جس میں ایک ہندوتوا تنظیم کے ارکان کو رشی کیش کے امیت گرام علاقہ میں ہتھوڑے اور جے سی بی کی مدد سے دو مزار شہید کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں دو نوجوان ’جے شری رام‘ کے نعرے لگاتے ہوئے مزارات کو منہدم کر رہے ہیں۔ وہیں ایک جے سی بی سے مزار کا توڑا گیا ملبہ ہٹاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس دوران ایک شدت پسند کو یہ کہتے ہوئے بھی سنا جاسکتا ہے کہ ’ایسے سارے غیرقانونی مزار ہٹا دیے جائیں گے، یہ دیو بھومی ہے، مزار بھومی نہیں‘۔

اتراکھنڈ کے رشی کیش میں دیو بھومی رکھشا ابھیان تنظیم کے ارکان کی جانب سے مبینہ طور پر دو مزارات کو منہدم کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ جسے صارفین نے انتہائی شدت پسندانہ و منافرت پر مبنی جرم سے تعبیر کیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اتراکھنڈ پولیس نے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے الزام میں نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے لیکن ابھی تک اس معاملہ میں کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ وہ ویڈیو میں نظر آنے والے ملزمان کی شناخت میں مصروف ہیں۔