محسن نقوی کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سرگودھاکادورہ ،تمام مسائل حل کرنےکی یقین دہانی

محسن نقوی کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سرگودھاکادورہ ،تمام مسائل حل کرنےکی یقین دہانی
کیپشن: محسن نقوی کا شاہدرہ فلائی اوور اور بیدیاں انڈر پاس کا دورہ، کاموں کا جائزہ لیا

ایک نیوز:  نگران وزیراعلیٰ پنجاب سرگودھا پہنچ گئے، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سرگودھا کا اچانک دورہ کیا جبکہ محسن نقوی نے شاہدرہ فلائی اوور اور نواز شریف انٹرچینج بیدیاں روڈ پر زیر تعمیر انڈر پاس پراجیکٹ کا بھی دورہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق استقبالیہ پرچی کاؤنٹر پر مریضوں کی لمبی قطاریں،طبی سہولتوں کا فقدان، چیک اپ میں تاخیر،وارڈز کی بری حالت،مفت ٹیسٹ کی سہولت نہ مفت ادویات، مریضوں نے شکایات کے انبار لگا دئیے،وزیر اعلیٰ محسن نقوی شدید برہم،ایم ایس ہسپتال کی سخت سرزنش کرڈالی۔

مریضوں نے شکایات لگاتے ہوئے کہا کہ صبح 6بجے سے قطاروں میں کھڑے ہیں،کوئی پوچھنے والا نہیں،ہمارا کوئی پرسان حال نہیں،ٹیسٹ بھی باہر سے کرانا پڑتے ہیں اور ادویات بھی باہر سے منگوا نا پڑتی ہیں۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے خواتین و مرد مریضوں کی شکایات سنیں اور ان کے ازالے کے لئے موقع پر ہی احکامات دئیے،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتا ل کے باہر مخصوص لیب سے ٹیسٹ کرانے کے معاملے کی انکوائری کاحکم دے دیا ۔
محسن نقوی نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سرگودھا کی حالت زار دیکھ کر انتہائی افسوس ہوا،یہاں سارا کچھ خراب ہے،مریضوں کے ساتھ ہسپتال کے ڈاکٹرز بھی پریشان ہیں،ٹیسٹ کی سہولت ہسپتال کے اندر دستیاب ہونے کے باوجود باہر سے ٹیسٹ کرانے کا کیاجواز ہے؟مریضوں کے ساتھ ایسا سلوک کسی صورت قابل قبول نہیں،ہسپتال کی حالت کو بہتر بنایا جائے گا خواہ مجھے با رباریہاں آنا پڑے۔ یہ ہسپتال سرگودھا کے ساتھ ملحقہ آبادیوں کو بھی علاج معالجے کی سہولت فراہم کرتاہے لیکن اس ہسپتال کی حالت انتہائی ابتر ہے۔

بچہ وارڈ میں سرگودھا میڈیکل کالج کے ڈاکٹر اشرف نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو ڈاکٹرز کی سنیارٹی نظر انداز کئے جانے کے حوالے سے شکایت کی،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مسئلے کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی ،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے علاج معالجے کی سہولتوں کاجائزہ لیا،استقبالیہ پرچی کاؤنٹرپر مریضوں اور تیمارداروں سے ملاقات کی اور طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا اور سرجیکل ایمرجنسی وارڈ،بچہ وارڈ،میڈیکل ایمرجنسی وارڈ،ڈینگی وارڈاور دیگر وارڈز کا تفصیلی دورہ کیا،فرداً فرداً مریضوں سے ملاقات کی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سرگودھا کے کانفرنس ہال میں انتظامیہ اور ڈاکٹرز سے ملاقات کی۔اور ڈاکٹرز کے مسائل سنے اور حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز ایشوز کو حل کیاجائے گا لیکن کسی کو سیاست نہیں کرنے دیں گے۔ 
 وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتال کے ساتھ زیر تعمیر عمارت اور گورنمنٹ ٹی بی ہسپتال سرگودھا کا بھی دورہ کیا ،صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم اورصوبائی وزیر اطلاعات عامر میر بھی ہمراہ تھے۔

 قبل ازیں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے دونوں پراجیکٹس پر جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور پیشرفت کا جائزہ لیا، محسن نقوی نے شاہدرہ فلائی اوور کی حفاظتی دیواروں کی تعمیرات پر جاری کام کا مشاہدہ کیا، وزیراعلیٰ نے منصوبے پر کام کرنے والے ورکرز سے مصافحہ کیا اور انہیں مزید محنت سے کام کرنے کی تلقین کی۔

محسن نقوی نے شاہدرہ فلائی اوور پراجیکٹ کے تعمیراتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے گوجرانوالہ سے آنے والی ٹریفک متبادل سروس روڈ سے گزارنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مکمل سروس روڈ کو فوری طور پر لیول کر کے ٹریفک کے لئے بحال کیا جائے، پولیس بہترین انداز میں ٹریفک مینجمنٹ کرے۔

بعد ازاں محسن نقوی نواز شریف انٹرچینج بیدیاں روڈ پر زیر تعمیر انڈر پاس پہنچے، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بیدیاں روڈ انڈرپاس منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دونوں منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی، ٹریفک جام رہنے کا مسئلہ مستقل طور پر حل ہوگا، شاہدرہ فلائی اوور پراجیکٹ کی بروقت تکمیل سے شہر کے اہم داخلی و خارجی راستے سے ٹریفک کا بڑا مسئلہ حل ہوگا۔

اس موقع پر کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے کی جانب سے وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ شاہدرہ فلائی اوور پراجیکٹ کا تقریباً 84 فیصد جبکہ نوازشریف انٹرچینج بیدیاں روڈ انڈرپاس منصوبے کا تقریباً 40 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے دونو ں منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کیلئے ڈی جی ایل ڈی اے اور کنٹریکٹر کو ضروری ہدایات دیں۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ شاہدرہ فلائی اوور پراجیکٹ کو مقررہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے دن رات کام جاری ہے، شاہدرہ چوک فلائی اوور منصوبے کی تکمیل سے یومیہ 3 لاکھ گاڑیاں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی۔

دوران بریفنگ مزید بتایا گیا کہ بیدیاں روڈ نواز شریف انٹرچینج پر انڈرپاس کی تعمیر سے یومیہ ایک لاکھ 20 ہزار گاڑیاں مستفید ہونگی، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کا فضائی دورہ بھی کیا۔چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور سیکرٹری تعمیرات و مواصلات بھی ہمراہ تھے ،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے منصوبے پر جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری کے 8کلو میٹر سے زائد روٹ کا فضائی معائنہ کیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے حوالے سے سیکرٹری تعمیرات و مواصلات کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ رنگ روڈ سدرن لوپ تھری کی تکمیل سے عوام کو آمد و رفت کی بہترین سہولتیں ملیں گی۔انشاء اللہ یہ منصوبہ31دسمبر تک مکمل ہوجائے گا۔

https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-09-04/news-1693811919-5857.mp4