دادو اور سیہون کو بچانے کیلئےمنچھر جھیل کو کٹ لگایاگیا:شرجیل میمن

Sep 04, 2022 | 13:08 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز: وزیرِاطلاعات سندھ اور رہنما پی پی پی شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ منچھر جھیل میں آر ڈی 14 پر کٹ لگانے کا فیصلہ ٹاؤنز کو بچانے کے لیے کیا گیا ہے، اس جگہ کٹ لگایا گیا جہاں وزیرِ اعلیٰ کا اپنا گھر ہے۔

رہنما پی پی پی شرجیل انعام میمن نے حیدر آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منچھر جھیل کو کٹ لگنے سے 5 یو سیز واہڑ، بوبک، اراضی، جعفر آباد اور چنہ متاثر ہوں گی، جس کی وجہ سے 1 لاکھ 25 ہزار لوگوں کو نقل مکانی کرنا پڑے گی۔

شرجیل میمن نے کہا ہے کہ لوگوں کو منتقل کرنے کے لیے حکومتی مشینری موجود ہے، یو سی باجارا اور جھانگارا پہلے ہی متاثر ہیں، تعلقہ سیہون کا کافی حصہ سیلاب سے بری طرح متاثرہوگا۔

ان کا کہنا ہے کہ سیلاب سے اب تک 1 لاکھ 6 ہزار 94 مویشی ہلاک ہو چکے ہیں، ریلیف کیمپس میں 6 لاکھ سے زائد لوگ ہیں۔
شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز کو 1 لاکھ 15 ہزار راشن کے بیگز کا آرڈر دیا ہے جبکہ 8 ہزار بیگز ملے ہیں، فیصلہ کیا کہ پرائیوٹ وینڈرز سے راشن لیا جائے گا۔

وزیرِ اطلاعات سندھ نے کہا ہے کہ اس وقت 23 اضلاع شدید متاثر ہوئے ہیں، وبائی امراض روکنے کے لیے ہر ریلیف کیمپ میں میڈیکل کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا ہے، تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن کا یہ بھی کہنا ہے کہ ریسکیو کرنے کے لیے وسائل بہت چاہئیں، متاثرین کو قریبی اضلاع میں منتقل کیا جائے گا۔

مزیدخبریں