ویب ڈیسک:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں شرح سود کم ہونے سے ملکی معیشت بہتر ہوئی جس کی پوری دنیا معترف ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ دنیا پاکستان کو تسلیم کررہی ہے، سعودی عرب سے بھی ایک اعلیٰ سطح کا وفد تشریف لارہا ہے، شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہ کانفرنس بھی پاکستان میں ہونے جارہی ہے، 12 ممالک کے سربراہان شنگھائی تعاون تنظیم کی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری، تجارت اور سیاحت کیلئے نئی جگہ بننے جارہا ہے، ہماری نئی پالیسی کی کامیابی تیزی سے جاری ہے، پاکستان کے بارے میں ہر ملک مثبت بات کررہا ہے، کامیابیوں کا سفر جاری وساری ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ملائیشیا کے ساتھ پاکستان کے دوستانہ تعلقات ہیں، ملائیشین وزیراعظم کا پاکستان آکر سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت کرنا خوش آئند ہے، یہ دورے پاکستان کی معیشت میں بہتری لائیں گے، ایکسپورٹ میں اضافہ ،تجارتی خسارے میں واضح کمی ہوگی، یہاں سے گوشت اور چاولوں کی ایکسپورٹ کو بڑھایا جائے گا، پاکستان سے 1لاکھ ٹن چاول ایکسپورٹ کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام سے ہماری معیشت مستحکم ہوئی، ورلڈبینک کے ایم ڈی نے ہماری تعریف کی، انہوں نے کہا آپ کے ٹیکس ریفارمز اچھے ہیں، اس ملک میں لوگ ٹیکس ہی نہیں دیتے تھے، اب ملک میں ٹیکس فائلرز دگنا ہوگئے ہیں، ٹیکس کلیکشن زیادہ ہوگی تو عوام کی فلاح وبہبود کے منصوبوں میں اضافہ ہوگا۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ سٹاک ایکسچینج میں روز نئے ریکارڈ قائم ہورہے ہیں، مہنگائی 6.9فیصد پر آئی ہے پچھلے سال 32فیصد پر تھی، شرح سود تیزی سے نیچے گئی ہے، ملک میں سرمایہ کاری بڑھے گی، ہماری ایکسپورٹس 14فیصد بڑھی ہیں، ملکی تجارتی خسارہ کم ہوا ہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ عالمی جریدے اور عالمی رہنما وزیراعظم کے کام کا اعتراف کررہے ہیں، عالمی رہنما کہہ رہے ہیں وزیراعظم شہبازشریف کام کو آخر تک مکمل کرنے والے آدمی ہیں، چائنہ نے کہا تھا شہباز سپیڈ ہے، اکانومی ٹیک آف کرے گی تو معیشت بحال ہوگی، اپوزیشن کو کہتا ہوں پوری دنیا کی طرح آپ بھی معیشت میں بہتری کی تعریف کریں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ لوگوں نے وزیراعظم کی جنرل اسمبلی میں کی جانے والی تقریر کو سراہا، مخالف سیاسی پارٹیوں کے لوگوں نے بھی وزیراعظم کی تقریر کی تعریف کی، یونائیٹڈ نیشن جنرل اسمبلی کی تقریر کو یاد رکھا جائے گا، فلسطین کی ریاست نے وزیراعظم کی تقریر کو اپ لوڈ کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے پر کرائے کم کرائے ہیں، باقی صوبوں کو بھی چاہیے پرائس کنٹرول کمیٹی بنائیں، خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ باقی معاملات سے فارغ ہوجائیں تو مہنگائی اورکرایوں میں کمی کریں، وزیراعلیٰ مریم نواز سے سیکھیں کہ وہ کیسے مہنگائی کو کم کررہی ہیں۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم مہمان نواز لوگ ہیں، اگر اپوزیشن والے احتجاج کریں گے تو ملائیشین وزیراعظم واپس کیا تاثر لے کر جائیں گے، مہمانوں کو اچھا پاکستان دکھانا ہماری ذمہ داری ہے،اس کو پورا کریں گے، میرا علی امین گنڈاپور کو یہ مشورہ ہے واپس صوبے میں جاکر کرائے کم کریں، یہ چھوٹے موٹے احتجاج ہوتے رہتے ہیں۔