ویب ڈیسک: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے نماز جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے زور دیا کہ ہر ملک کو جارحیت کیخلاف دفاع کا حق حاصل ہے، فلسطینی حق پر ہیں اور ہم ان کے ساتھ ہیں، مسلمان ممالک کو متحد ہونا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے خطبہ جمعہ کے دوران کہا ہے کہ مسلمان مظلوم لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں، اسرائیل تمام مسلم امہ کا مشترکہ دشمن ہے، غاصب صیہونیوں نے فلسطین کی زمین کو خون سے رنگ دیا ہے،ایران کا دشمن فلسطین،لبنان،عراق،مصر،شام اور یمن کا دشمن ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ہر ملک کو جارح کیخلاف اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، افغانستان سے یمن،ایران سے غزہ اور لبنان تک دفاعی لائن بنانا ہوگی، قرآن کا درس ہے کہ مسلمان متحد رہیں، قرآن میں مؤمنین کے اتحاد سے مراد رحمت الہیٰ ہے، جس طرح 7اکتوبر کا حملہ جائز تھا اسی طرح ایران کا اسرائیل پر حملہ جائز تھا۔
ایرانی سپریم لیڈر کے مطابق ہم اسرائیل کو جواب دینے میں تاخیر نہیں کریں گے اور نہ ہی جلدی کریں گے، ہماری مسلح افواج کی شاندار کارروائی مکمل طور پر قانونی اور جائز تھی،اسرائیل قتل و غارت اورعام شہریوں کے ذریعے جیتنے کا ڈرامہ کر رہاہے۔
تقریباً 5 برس بعد جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا کہ مسلمان مظلوم لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں،آیت اللہ خامنہ ای نے جنوری 2020 میں آخری بار نماز جمعہ کی امامت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ مسلمان قوموں کو افغانستان سے یمن، ایران سے غزہ اور لبنان تک دفاعی لائن بنانا ہوگی۔