ایک نیوز:پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور کی 2 مقدمات میں 25 اکتوبر تک راہداری ضمانت منظور کر لی ۔
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اشتیاق ابراہیم نے راہداری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔
وکیل درخواستگزار عالم خان ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے راہداری ضمانت کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے، درخواستگزار کیخلاف اسلام آباد میں مقدمات درج کئے گئے ہیں۔
وکیل نے مؤقف اپنایا کہ درخواستگزار متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونا چاہتا ہے لیکن گرفتاری کا خدشہ ہے۔
عدالت نے علی امین گنڈاپور کو 25 اکتوبر تک راہداری ضمانت دیتے ہوئے درخواست گزار کو متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے گرفتاری کے خدشے پر راہداری ضمانت کیلئے عدالت میں درخواست دائر کر دی۔
پشاور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ درخواستگزار کیخلاف اسلام آباد میں مقدمات درج کئے گئے ہیں، درخواستگزار خیبرپختونخوا کا وزیر اعلیٰ ہے۔
دائر درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ درخواستگزار متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونا چاہتا ہے لیکن گرفتاری کا خدشہ ہے، درخواستگزار کو راہداری ضمانت دی جائے تاکہ وہ متعلقہ عدالتوں میں پیش ہو سکے۔
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ درخواست آج سماعت کیلئے مقرر کی جائے۔